ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے معمول کی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کیے جانے کا کوئی معاملہ زیرغور نہیں، اس مسئلے کا 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل دو ریاستی حل ہے، ایسی فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارلحکومت القدس الشریف ہو۔
زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے اب تک مقبوضہ کشمیر کا بھارتی محاصرہ 479 روز میں داخل ہو چکا ہے، نہتے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل عام کی آزادانہ تحقیقات کے لیے عالمی برادری پر زور ڈالتے ہیں، اس حوالے سے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو ایک اور مکتوب روانہ کیا ہے، جینو سائیڈ واچ کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، پاکستان بھارت میں مسلم لڑکی کو زندہ جلائے جانے کی بھی مذمت کرتا ہے۔