مظفرآباد( پی آئی ڈی)26نومبر2020
وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کی زیر صدارت تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکار کی تعمیر کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس جمعرات کے روز منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی، سیکرٹری صحت میجر جنرل احسن الطاف ، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی ، سینٹرل ڈیزائن آفس کے آفیسران ودیگر متعلقین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں وزیر اعظم آزادکشمیر کو سینٹرل ڈیزائن آفس نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکار کے نئے ڈیزائن کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ چکار ہسپتال کی تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے ، ہسپتال کےلئے بجٹ میں رقم مختص ہے اور اس کی منظور ی بھی ہو گئی ہے ۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کی تعمیر کی جائے اور تمام ضروری آسامیاں بھی مہیا کی جائےں ۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال میں طبی عملے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر کی رہائش کا بھی انتظام کیا جائے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی عمل کی موثر مانیٹرنگ اور کام کی رفتار کو تیز کیا جائے ۔ کا م کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبہ جات کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے ،جو ترقیاتی منصوبے وقت پر مکمل نہیں ہوتے ان کی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے اس لیے بہر صورت مقررہ مدت کے اندر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جائے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر نے صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی ہے ۔ محکمہ صحت کورونا وباءکے دورا ن بھی بہترین کا م کررہا ہے ۔ حکومت نے فری ایمرجنسی سروسز کا اجراءکیا جس سے تمام شہریوں کو بلاتخصیص صحت کی سہولیات میسر آئیں۔
دریں اثناءوزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق،وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی ، وزیر ہائر ایجوکیشن کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، ممبر اسمبلی پیر سید علی رضا بخاری نے ملاقات کی۔اس موقع پرباہمی دلچسپی اور آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔