مظفرآباد (پی آئی ڈی ) 26 نومبر 2020ء
ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و سیکرٹری پریس فاﺅنڈیشن راجہ اظہر اقبال کی زیر صدارت ہاﺅسنگ کمیٹی کا اجلاس ۔ کوٹلی سمیت دیگر اضلاع میں ہاﺅسنگ سکیموں پر فوری اور ہنگامی اقدامات کا فیصلہ ۔ وائس چیئرمین سردار ذوالفقار علی اور چیئرمین ہاﺅسنگ سوسائٹی میرپور ڈویژن امجد چوہدری ، چیئرمین پونچھ ڈویژن محمد زاہد بشیر نے ہاﺅسنگ کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ دیگر جبکہ دیگر ممبران سے فون پر رائے لی گئی ۔ سیکرٹری فاﺅنڈیشن کا کہنا تھا کہ حکومت صحافیوں کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ فوری طور پر کوٹلی کا منصوبہ شروع کیا جائے گا جس کی ٹوپو گرافی اور ماسٹر پلان کے لیے کمیٹی ہنگامی اقدامات اٹھائے ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ فاﺅنڈیشن نے کل 25 لاکھ روپے جمع کروانے ہیں جن میں سے ایک قسط ادا کر دی گئی ہے جبکہ باقی رقم قبضہ مکمل ہونے پر یکمشت ادا کر دی جائے گی ۔ دیگر اضلاع میں بھی کام تیزی کے ساتھ جاری ہے ۔ راجہ اظہر اقبال نے کالونی میں سڑکوں ، سیوریج ، بجلی ، پانی کے علاوہ مسجد ، سکول ، قبرستان اور کمیونٹی سنٹر کے ساتھ ڈسپنسری کم ہسپتال بنانے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے معاملہ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں پیش کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ۔ سابق وائس چیئرمین امجد چوہدری نے بتایا کہ وہ جلد کوٹلی جا کر دیگر ممبران کے ہمراہ جگہ کا دوبارہ جائزہ لیں گے اور ٹوپو گرافی کے ساتھ ماسٹر پلان کے حوالہ سے ماہرین کی خدمات سے استفادہ کریں گے ۔ اس موقع پر فاﺅنڈیشن کے انتخابات ، ووٹر لسٹوں کی تیاری اور کیٹگری کے تعین کے حوالہ سے بھی امور زیر بحث آئے جن پر جناب چیئرمین سے حتمی احکامات حاصل کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔
—