اسلام آباد(پی آئی ڈی)27نومبر 2020 پاکستان مسلم لیگ ن آزادجموں کشمیر الیکشن سیل کا پہلا باضابطہ اجلاس جمو ں کشمیر ہاوس میں منعقد ہوا جس میں وزیراعظم و صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن ڈاکٹر احسن اقبال،مرکزی نائب صدر برجیس طاہر،سینیر نائب صدر چوہدری طارق فاروق، سیکرٹری جنرل شاہ غلام قادر نائب صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر چوہدری محمد عزیز،نائب صدرڈاکٹر محمدنجیب خان،اورچیف آرگنائزرمشتاق احمد منہاس نے شرکت کی۔
اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں فوجی محاصرے کے دوران نوجوانوں کی ماوراے عدالت شہادتوں اور لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی افواج کی جانب سے سیز فائر لائن معائدے کی خلاف ورزی کرتے ہوے نہتے شہریوں پر گولہ باری کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں آزادکشمیر میں قائم مسلم لیگ ن کی حکومت کی کارکردگی بالخصوص آئینی، انتظامی،مالیاتی،ترقیاتی شعبہ جات میں ہونیوالی پیش رفت کے نتیجہ میں مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر بھاری اکثریت سے دوبارہ جیت کر حکومت بنائیگی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے الیکشن سیل کا اجلاس ہر پندرہ روز بعد منعقد کیا جائیگا اور پارلیمانی بورڈ بھی جلد تشکیل دیدیا جائیگا۔اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق آزادکشمیر میں آزادانہ،منصفانہ،غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائیگا اجلاس میں گلگت انتخابی عمل کو مکمل طورپر مسترد کرتے ہوے اس عزم کا اعادہ کیاگیا کہ آزادکشمیر کے اندر صاف شفاف انتخابات کے لیے کوئی دقیقہ گروگزاشت نہیں کیا جائیگا اور اس حوالے سے مسلم لیگ ن اس پر پہرہ دیگی.