معصومانہ انداز کے ساتھ ڈائیلاگز کی بہترین ادائیگی کر کے ہر کردار میں جان ڈال دینے والی پاکستان کی مشہور اداکارہ سجل علی کو ملک میں تو پذیرائی حاصل ہے مگر اب بین الاقوامی سطح پر بھی ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔
سجل علی نے عرب فیسٹیول میں انٹرنیشل ایوارڈ حاصل کیا ہے جس پر شوبز انڈسٹری کے فنکاروں سمیت ان کے مداح بھی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔
یوں تو سجل علی نے پاکستان میں بہت سے ایوارڈز اپنے نام کیے ہیں مگر اب اس انٹرنیشنل ایوارڈ جیتنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں خوب سراہا جا رہا ہے۔
ٹویٹر صارف سیدہ ایمن نے سجل علی کی ایوارڈ کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے مبارکباد کی ٹویٹ کی ہے ان کا کہنا ہے کہ ’آپ صحیح معنوں میں یہ ایوارڈ کی مستحق ہیں آپ ایک انمول ہیرا ہیں اور ہمیں اس پر فخر ہے۔‘