مظفرآباد( ریڈیو وائس آف کشمیر) چیف سیکرٹری آزادجموں وکشمیر ڈاکٹر شہزادخان بنگش کی زیر صدارت کرونا وائرس کی دوسری لہر میں بڑھتے ہوئے کیسز، آزادکشمیر میں موجودہ لاک ڈاون اور اس پر عملدرآمدکے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل احسن الطاف، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ظہیر الدین قریشی،انسپکٹر جنرل پولیس صلاح الدین خان، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، کمشنر مظفرآباد تہذیب النساء، کمشنر میرپور چوہدری رقیب، کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمن اور تینوں ڈویژنز کے ڈی آئی جیز نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ لاک ڈاون کے باوجو دبھی کرونا کے پازیٹو کیسز کی شرح میں کمی نظر نہیں آرہی اس حوالہ سے ہمیں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے اور ایک مثبت لائحہ عمل طے کرنا ہے تاکہ اس وبا ء پر قابو پایا جا سکے۔ کرونا وباء پر قابو پانے کے لیے ایگریسو کانٹیکٹ ٹریسنگ اور رینڈم سیپلنگ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ ہماری ٹیسٹنگ ان لوگوں کی ہو رہی ہے جن میں کرونا وائرس کے سیمٹمز پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ کانٹیکٹ ٹریسنگ کے حوالہ سے آڈٹ کریں اور اس حوالے سے کمیونٹی کو بھی موبلائیز کرنے کی ضرورت ہے نیز ریپڈ ریسپانس ٹیم اس حوالہ سے ایک مکمل لائحہ عمل طے کر ے تاکہ سیمپلنگ کے حوالے سے ہونے والے مسائل کو حل کیا جا سکے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ جنرل لاک ڈاون کے بعد مائیکرو لاک ڈاون کو ختم کر دیا گیا ہے جبکہ جس علاقے میں ایکٹو کیسز میں ان علاقوں میں نقل و حرکت پر پابندی لگائی جائے اور اس حوالے سے اس علاقے کے لوگوں کو شامل کیا جائے تاکہ کرونا وائرس کے پازیٹو کیسز گھروں سے باہر نہ نکلیں۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کو کامیاب بنانے کے لیے مختلف سٹیک ہولڈرز کو ساتھ شامل کیا جائے گا