اسلام آباد(ریڈیو وائس آف کشمیر)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیرکے عوام نے کی جدو جہد آزادی اوراْن پر ہونے والے بھارتی مظالم کو دنیا بھرمیں اجاگر کرنے کے لئے بیرون ممالک میں مقیم کشمیری تارکین وطن نے بڑا موثر کردارادا کیا ہے، ہندوستان اپنے تمام تر حربوں اور ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کر سکا۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنا غاصبانہ اور غیر قانونی تسلط برقرار رکھنے کے لئے ہندوستانی حکومت کے جابررانہ اقدامات اقوام متحہ اوردیگر عالمی اداروں کے لئے ایک چیلنج ہیں۔ وہ یہاں جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے بات کر رہے تھے۔ ڈائریکٹر جنرل جموں وکشمیرلبریشن سیل فدا حسین کیانی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ راجہ نجابت حسین نے وزیر اعظم ریاست راجہ محمد فاروق حیدر خان کے تفصیلی ملاقات میں یورپ / برطانیہ کے اندر تحریک حق خودارادیت کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ تحریک حق خودارادیت خالصتاً غیر سیاسی تنظیم ہے جس کا مقصد دنیا بھر کے اندرممبران پارلیمنٹس اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ روابط قائم کر کے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے لابی کرنا ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر یہ باور کرانا ہے کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا وہ بنیادی حق چاہتے ہیں جو ہندوستان نے اپنی فوجی طاقت کے ذریعے غصب کر رکھا ہے۔ وزیر اعظم راجہ محمد داروق حیدر خان نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ کشمیر کے اندر ہندوستان کے غیرآئینی اقدامات کو دنیا کے اندر بے نقاب کیا جائے۔