کمشنر مظفرآباد ڈویثرن محترمہ تہذیب النِسا کی زیر صدارت کرونا وائرس حفاظتی ایس او پیر پر عملدرآمد کے حوالہ سے ڈویثرنل ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں لاک ڈاون کی صورتحال اور اس دوران عملدرآمد میں درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس راجہ شہریار سکندر سمیت انتظامیہ اور پولیس کے آفیسران نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوے کمشنر مظفرآباد ڈویژن محترمہ تہذیب النساء نے کہا کہ لاک ڈاون پر عملدرآمد میں بے شمار چیلنجز کے باوجود مجموعی طور پر صورتحال بہتر رہی جس پر انتظامیہ اور پولیس آفیسران مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کیے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد انتظامیہ کی ذمہ داری ہوتی ہے جس کے لیے مشکل فیصلے اور سختی بھی کرنی پڑتی ہے۔لوگوں کی جان ومال کا تحفظ ہماری اولین ترجیجی اور ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد بہرصورت یقینی بنائیں۔ہر شخص کو ماسک پہننے کی ترغیب دی جاے اور عملدرآمد نہ کرنے والے کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی دوسری لہر زیادہ خطرناک ثابت ہو رہی ہے جسکی ایک وجہ لوگوں کی جانب سے احتیاط نہ کرنا بھی ہے۔ دارالحکومت ہونے کیوجہ سے مظفرآباد شہر میں سب سے زیادہ متاثرہ مریض سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کسی کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ یہ ہم سب کی سماجی ذمہ داری ہے کہ ہم احتیاط کریں اور حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔لاپرواہی اور غفلت کے مرتکب کسی بھی شخص کو نہیں چھوڑا جائیگا۔ انہوں نے اس موقع پر انتظامیہ اور پولیس آفیسران سے لاک ڈاون کی مجموعی صورتحال کے حوالہ سے فرداً فرداً دریافت کیا اور درپیش مسائل اور انکے حل کی یقین دہانی بھی کروائی۔