مظفرآباد(پی آئی ڈی)04دسمبر 2020ممبر اسمبلی محترمہ فائزہ احسن کے کورونا وائرس کے حوالہ سے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں قائد ایوان راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ وبا اللہ تعالیٰ کی طرف سے ناراضگی ہے اس پر آج یو م توبہ کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں اس وبا سے حفاظت کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور معافی مانگیں گے۔ اس سال کے اوائل میں کورونا وبا کا آغاز ہوا جس پر حکومت آزادکشمیر نے سخت اقدامات اٹھائے جس وجہ سے ہم اس وباء کی تباہ کاریوں سے محفوظ رہے۔ ہم نے تمام شعبہ ہائے زندگی جن میں تعلیم، سیاحت شامل ہیں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ کھول دیا۔ یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ سوائے اللہ کے کسی کے پاس اس کا علاج نہیں نیز ہمیں نبی اکرم ﷺکی ہدایات کی روشنی میں اس کے تدارک کے لیے عمل کرنا ہوگا۔ نبی اکر م ﷺکے وبا ئی امراض کے حوالہ سے احکامات واضح ہیں۔ اس وقت آزادکشمیر میں متاثرہ افراد کی شرح پورے پاکستان کی نسبت زیادہ ہے جو کہ تشویشناک ہے اور سب سے زیادہ کوٹلی، مظفرآباد اور راولاکوٹ شہر میں زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس ایمرجنسی صورتحال میں بچت کریں اور سادہ زندگی بسر کریں۔اپنا مال اپنے اردگرد لوگوں میں تقسیم کریں تاکہ اللہ تعالیٰ کی ناراضگی دور ہو۔ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں لہذا حکومت پاکستان کو اس حوالہ سے پالیسی واضح کرنے کی ضرورت ہے۔ سردار محمد صغیر خان نے سابق وزیر ہائیر ایجوکیشن وپیپلز پارٹی آزادکشمیر کے نائب صدرمحمد مطلوب انقلابی اور سابق سپیکر سردار غلام صادر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایف کے دور سے ہم اکٹھے رہے۔ اس وقت پاکستان میں مارشل لا ء تھا۔ مطلوب انقلابی پی ایس ایف کے پلیٹ فارم سے بحالی جمہوریت کے لیے ثابت قدم رہے۔ آج سیاست میں ثابت قدمی نہیں رہی لیکن مطلوب انقلابی ثابت قدمی سے ایک نظریہ کے ساتھ کھڑے رہے۔ زمانہ طالبعلمی سے وہ ثابت قدم رہے۔ وہ پاکستانیت پر یقین رکھتے تھے۔ تیرہویں ترمیم کے حوالے سے قائم آئینی اصلاحاتی کمیٹی کے چیئرمین رہے۔ بڑے روادار انسان تھے۔ شفقت والے لیڈر تھے۔ تین کارکنوں نے اپنے لیڈر کی محبت اور صدمہ میں جان دے دی۔ سابق سپیکر کی بھی خدمات رہی۔ وہ بھی ایک نظریہ کے ساتھ کھڑے رہے۔ ساری زندگی جمہوریت اور ووٹ کے تقدس کے لیے کھڑے رہے۔ سید عتیق گردیزی ہمیشہ پارلیمنٹ کا حصہ رہے۔ ان کی مغفرت کے لیے بھی دعا کرتے ہیں۔ ممبراسمبلی ملک محمد نواز خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مطلوب انقلابی اور غلام صادق، سردار کے بی اور سردار ابراہیم کی اموات ساری ریاست کا نقصان ہے۔ مطلوب انقلابی طالبعلمی کے زمانہ میں پی ایس ایف میں تھے انہوں نے بڑی سیاسی جدوجہد کی۔ انہوں نے عوام کی خدمت کی، برادری، علاقہ سے ہٹ کر لوگوں کی خدمت کی۔ سردار غلام صادق نے بڑی دانشمندی سے ایوان کو چلایا۔ کبھی اپوزیشن کو شکایت کا موقع نہیں دیا۔ سردار خالد ابراہیم، کے بی خان کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ مطلوب انقلابی اور سردار غلام صادق کے جنازوں میں جس طرح بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی اور اظہار افسوس و الم کیا وہ خوش آئندہ ہے۔ وزیر خزانہ، صحت عامہ ڈاکٹر نجیب نقی نے کہا کہ دونوں شخصیات سے میرا گہرا تعلق رہا ہے۔ مطلوب نقلابی ایک سیاسی ورکر سے اٹھے اور وزیر حکومت بنے۔ بھرپور انداز میں سیاست کی۔ ایک واقعہ بتاتے ہوئے نجیب نقی نے کہا کہ محمد مطلوب انقلابی نے سابق صد ر مشرف کی طرف سے ایک اجلاس میں محترمہ بے نظیر پر تنقید برداشت نہیں کی۔ اللہ تعالیٰ نے مطلوب انقلابی کو خصوصی ٹیلنٹ دیا ہوا تھا۔ وہ عوام کو جمع کر لیتے تھے ان کا حوصلہ بڑھاتے۔ ان کے اندر خدادا د صلاحیتیں تھیں۔ سمجھتا ہوں سردار غلام صادق سے بھی زیادہ تعلق ہے۔ ان نے مضبوط اپوزیشن کی موجودگی میں اچھے طریقے سے اسمبلی کو چلایا۔ ساتھیوں کا خیال رکھنے والے لیڈر تھے دعاگو ہیں دونوں حضرات کو اللہ تعالیٰ جنت میں اعلیٰ مقام سے نوازے۔

زاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔