اسلام آباد (خبرایجنسی) فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارت کا نشانہ سی پیک، ففتھ جنریشن وار فیئر بہت بڑا چیلنج، نمٹنے کا بہتر حل اطلاعات میں شفافیت ہے،دنیا بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ثبوتوں کو سنجیدہ لے رہی ہے۔
انڈیا عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشنز جیسے ڈرامے رچا رہا اورایل او سی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، خطے کی صورتحال کو نارملائز کرنے کی ضرورت ہے،افغان امن عمل پر افغان قیادت سےبات کرتے رہتے ہیں، پاکستان کورونا کی دوسری لہر کا بہتر مقابلہ کر رہا ہے۔
جمعرات کو گلوبل ویلج اسپیس کو اپنے انٹرویو میں انہوں نے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ڈوزیئر کے اہم نکات اجاگر کئے اور ایل او سی کی صورتحال، سی پیک، ففتھ جنریشن وار فیئر پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے کہاکہ عالمی برداری نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ثبوتوں کو سنجیدگی کے ساتھ لیا ہے، 5 اگست 2019ء کے اقدام کے بعد عالمی سطح پر بھارت کی پوزیشن کمزور ہوئی ، بھارت فالس فلیگ آپریشنز جیسے ڈرامے رچا رہا ہے اور عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہاکہ دنیا اب بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کی بات کر رہی ہے، پاکستان دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کا ڈوزیئر سامنے لایا ہے۔
پاکستان نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت بھی پیش کئے ، ڈوزیئر سامنے آنے کے بعد دنیا بھارتی دہشت گردی پر کھل کر بات کر رہی ہے، دفتر خارجہ نے ڈوزیئر سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کو پیش کیا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو بھی ڈوزیئر پیش کیا گیا، او آئی سی کی وزرائے خارجہ کے اعلامیہ میں بھی اس پر بات کی گئی ،ہم عالمی سطح پر بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے معاملہ کو مزید آگے لے کر جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری ایک گیم چینجر منصوبہ ہے، اس منصوبہ میں پورے خطہ سے روابط کی صلاحیت ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطہ کی خوشحالی کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ چینی پارٹنر سی پیک منصوبے کی سیکورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کو نقصان پہنچانے کی ہر بھارتی سازش کو ناکام بنائیں گے اور انشاء اﷲ سی پیک ہر روز پہلے سے زیادہ ترقی کرے گا۔
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے کہاکہ ہمیں خطے کی صورتحال کو نارملائز کرنے کی ضرورت ہے، افغان امن عمل کے متعلق انہوں نے کہاکہ ہم افغان قیادت سے اس مسئلے پر بات کرتے رہتے ہیں۔
اس سلسلہ میں ایک باقاعدہ میکنزم موجود ہے، کورونا صورتحال پر انہوں نے اس سلسلہ میں میڈیا کے کردار کی تعریف کی اور کہاکہ کورونا صورتحال سے متعلق آگاہی کیلئے این سی او سی بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہاکہ کورونا کی پہلی لہر میں جو خامیاں سامنے آئیں انہیں ہنگامی بنیادوں پر دور کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں اور دوسری لہر کی تیاری پہلی لہر کے مقابلے میں خاصی بہتر ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم کورونا کی دوسری لہر کا بہتر طور پرمقابلہ کر رہے ہیں اور اس حوالہ سے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہاکہ کورونا کی دوسری لہر میں ہم سب کو زیادہ احتیاط اور ایک دوسرے کی مدد کی ضرورت ہے۔