پلندری( وائس آف کشمیر نیوز)ضلع سدھنوتی کے دونوںحلقہ جات میں30کلومیٹر پختہ سڑکوں کے لیے ٹینڈر ز طلب کر لیے گئے۔ پلندری کے لیے 15کلومیٹر اورحلقہ بلوچ کے لیے بھی 15کلومیٹر سڑکوں کی مرمتی ، بہترگی اور پختگی کے لیے 22دسمبر تک ٹینڈر طلب کیے گئے ہیں۔ سدھنوتی کے دونوں حلقہ جات کے وزراء نے اپنی اپنی عوام کو سفر کی بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومت آزاد کشمیر سے 15کلومیٹر فی حلقہ کے لیے سڑکیں منظور کروائی ہیں۔ ان سڑکوں کی تعمیر سے سدھنوتی کی عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل ممکن ہو سکے گی اور عوام کو مختلف رابطہ سڑکوں سے بڑی شاہرات تک کا سفر آسان ہو سکے گا۔ سڑکوں کی بہتر ین تعمیر کے لیے پاکستان انجنئیرنگ کونسل سے رجسٹرڈ کمپنیوں کو ٹھیکہ دیا جائے گا جو کہ پہلے سے سڑکوں کی تعمیر میں تجربہ کے ساتھ ساتھ مطلوبہ معیار پر پورا اتریں گی۔ مہتمم تعمیرات عامہ شاہرات ڈویژن سدھنوتی (پلندری) کے دفتر سے جاری ہونے
والے اخباری اشتہار میں کہا گیا ہے کہ تمام سڑکوں کی تعمیر کی مدت 2سال ہو گی اور ٹھیکہ لینے والی کمپنی کے لیے لازم ہو گا کہ وہ طے شدہ وقت میں سڑک کی تعمیر مکمل کرے ۔ ان سڑکات میں سے سب سے بڑی سکیم حلقہ پلندری میں دیوان گوراہ تا نمب 4کلومیٹر ہے جس کی تعمیر سے عوام علاقہ گوراہ کو بہتر سفری سہولت میسر آ سکے گی عوام علاقہ نے اس سکیم پر وزیر صحت و خزانہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے عوام علاقہ گوراہ کا بڑا مطابلہ پور ا کر دیا۔ حلقہ بلوچ میں بھی عوام نے وزیر قانون سردار فاروق احمد طاہر کی موجودہ کارکردگی کو سراہاہتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا
کہ انہوں نے عوام کو بہتر سفری سہولیات کے لیے بھر پور اقدامات کیے اور مختلف بڑی شاہرات کے ساتھ ساتھ رابطہ سڑکوں کی بھی تعمیر کروائی۔