لاہور( وائس آف کشمیر رپورٹ) گورنر پنجاب چوہدری سرور سے چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی کی سربراہی میں وفد نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی ،وفد میں تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی سمیت دیگر قائدین شامل تھے ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدر ی سرور نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم اور تمام قومی جماعتوں کا اتفاق رائے ہے داخلی،سیاسی اختلاف ہوسکتا ہے لیکن کشمیر کی آزادی کے لیے پوری قوم منظم اور متحد ہے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے وزارت خارجہ اور تمام سفارتی مشنز کو ہدایت جاری کی ہوئی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں کوئی کسر نہ اٹھائی جائے ،سفارتی مشنز کے فعال اور متحرک ہونے کا ہی نتیجہ ہے کہ او آئی سی کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں کشمیرپر قرارداد منظور ہوئی جس سے بھارت تلملا اٹھا ،دنیا میں اہل کشمیر کی آواز کو پذیرائی مل رہی ہے بھارت آزادی کی منزل کو دور نہیں کرسکتا نریندرمودی جتنا ظلم کرتا ہے کشمیریوں کو اور جذبہ ملتا ہے یہ آزادی کی دلیل ہے انہوں نے کہاکہ میں اپنے سارے روابط اور وسائل کو برئوے کار لائوں گا برطانیہ کے ممبران پارلیمنٹ سے میرے ذاتی روابط ہیں ان کو برئوے کار لائوں گا انہوں نے تارکین وطن کی جدوجہد کی تحسین کی ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ ہندوستان طاقت کی بنیاد پر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا وزیر اعظم پاکستان کے جنرل اسمبلی کے خطابات نریندرمودی کو فاش ازم اور ہٹلر سے جوڑنے کی وجہ سے مغربی ممالک میں اچھا پیغام گیا ہے مودی کو مزید بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ نریندرمودی جو کچھ ہندوستان میں مسلمانوں اور دیگر اقلیات کے ساتھ کررہاہے یہ تاریخی موقع ہے کہ اس کے خلاف جامع حکمت عملی تشکیل دے کر کشمیرکو آزاد کروایا جائے اور ہندوستان کے اندر جو مظالم ہو رہے ہیں ان سے بھی عالمی برادری کو آگاہ کیا جائے