مظفرآباد (ویب ڈیسک) آزاد جمو ں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں لیڈر آف دی اپوزیشن چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ پشاور میں آکسیجن نہ ملنے کی وجہ سے آٹھ افراد کی ہلاکت ایک المیہ ہے جولوگ ہسپتالوں کو آکسیجن فراہم نہیں کر سکتے وہ ملک کو کیا چلائیں گے ، یہ غفلت نہیں بلکہ قتل ہے اور اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے ذمہ داران کو نشان عبرت بنایاجائے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پیپلزپارٹی کے عہدیداران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر سابق سینئر مشیر چوہدری ریاض بھی موجود تھے ، انہوں نے کہا کہ ملک میں ہیلتھ ایمر جنسی نافذ ہے اور صورتحال یہ ہے کہ ہسپتالوں میں آکسیجن تک دستیاب نہیں ہے اور لوگ مررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ایک جانب کورونا مریضوں کے نام پر روزانہ اربوں روپے کے اخراجات کئے جارہے ہیں جبکہ دوسری جانب حالات یہ ہیں کہ ہسپتالوں کی بنیادی ضرورت آکسیجن میسر نہیں ہے ، انہوں نے کہا کہ یوٹرن خان شوکت خانم ہسپتال کی مثال دیتے ہیں تو شوکت خانم جیسے ہسپتال بھی بناتے ، غریب آدمی تو سرکاری ہسپتالوں کا ہی رخ کر تا ہے