مظفرآباد(ویب ڈیسک)سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر لیاقت حسین چوہدری کی زیر صدارت رئیس الاحرار قائد ملت چوہدری غلام عباس خان کی 53ویں برسی کو منانے کے سلسلہ میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری جمو ں و کشمیر لبریشن سیل چوہدری امتیاز،ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ راجہ اظہر اقبال،محکمہ پولیس،انتظامیہ،سروسز و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس خان مرحوم کی برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔برسی کے روز نما ز فجر کے بعد رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے تمام مساجد میں قرآن خوانی ہو گی۔ قائد ملت کے مزار پر آزادکشمیر پولیس کا دستہ سلامی دے گا۔ اسی روز قائد ملت کے مزار پرکتابوں کا سٹال بھی لگایا جائے گا۔ کورونا کی وبائی مرض کی وجہ سے برسی کی تقریب SOPکے مطابق اور NCOCکی ہدایات کی روشنی میں منعقد کی جائے گی۔