اسلام آباد ( ادریس احمد اعوان سے )آزاد کشمیر کے علاقہ عباس پور لائن آف کنٹرول سے غلطی سے سر حد پار کرکے مقبوضہ کشمیر داخل اور پیر کے روز واپس وطن آنے والی لڑکیوں ثناء اور لائبہ نے پاکستان واپسی کے بعد بتایا کہ ان خدشہ تھا کہ ہمیں لگا بھارتی فوج ہمیں مارے گی۔ریڈیو وائس آف کشمیر سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے دونوں بہنوں کا کہنا تھا کہ ہم اپنی منزل سے بھٹک کر کنٹرول لائن پر پہنچ گئے اور سرحد بھی عبور کرلی ، بھارتی فوج نے ہمیں پکڑا اور پوچھ گچھ کی ، ہمیں لگا شاید یہ اب ہمیں واپس نہیں جانے دیں گے اور ہمیں ماریں گے لیکن یہاں کے لوگ بھی اچھے ہیں ، انہوں نے ناصرف ہمارے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا بلکہ ہمیں کھانا بھی کھلایا اور ہمیں اتنی جلدی واپس بھیج رہے ہیں۔
یاد رہے کہ غلطی سے سرحد پار کرنے والی دونوں بہنیں پاکستان پہنچ گئیں، اس سلسلے میں کنٹرول لائن پر چکن دا باغ کراسنگ پوائنٹ پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں بھارت اور پاکستان کی فوج اور سول انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی جہاں ضروری کارروائی کے بعد دونوں بہنوں کو پاکستانی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے علاقے عباس پور کی 2 بہنوں نے غلطی سے ایل اوسی پار کرلی تھی ، بھارتی فوج نے غلطی سے لائن آف کنٹرول عبور کرنے والے دونوں کشمیری بہنوں کو گرفتار کر لیا تھا ،
ثنا زبیر اور لائبہ زبیر کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقہ عباس پور سے ہے۔ اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ غلطی سے سرحد پار کرنے والی دونوں بہنیں جلد واپس آجائیں گی ، ثنا زبیر اور لائبہ زبیر اس وقت مقبوضہ کشمیر پولیس کی حراست میں ہیں ، اس معاملے میں آج اہم پیش رفت سامنے آئی اور غلطی سے سرحد پار کرنے والی بہنیں واپس آزاد کشمیر پہنچ گئیں ، بھارتی سیکیورٹی فورسز نے دونوں بہنوں کو پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا۔