باغ ( وائس آف کشمیر نیوز )وزیر اطلاعات ،سیاحت ،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ اجتماعی ترقی کے لیے مثبت انسانی سوچ مساویانہ اصول و ضوابط ، صحت مند اور تعمیراتی معاشرتی رویوں کا وجود ضروری ہے تاکہ حاصل ہونے والی خوشحالی سے معاشرے کا ہر فرد اپنی صلاحیت کے مطابق استفادہ کر سکے ۔ وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار ایک بیان میں کیا ۔ راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر قیادت مسلم لیگ ن کی حکومت نے جوابدہی کا مضبوط نظام بنایا ہے تاکہ آئین و قانون کی حکمرانی قائم رہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ ، شفافیت اور حق دار کو اس کا حق موجودہ حکومت کی پالیسی ہے اس پر عمل درآمد کے ذریعے عوامی کی خوشحالی اور ریاست کی ترقی کی راہ ہموار ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ سماج کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ تعمیراتی اور ترقی پسند اقدامات ہی ریاست کو ترقی یافتہ بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی ایک مسلسل جدوجہد کا نام ہے جس کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی سوچ ترقی پسند ہے جس کا مطمع نظر معاشرے کے تمام۔طبقوں کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی سمت درست رکھنی ہے جس کے لئے انہیں چاہیے کہ وہ اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں اور دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں