اسلام آباد( ادریس احمد اعوان سے) آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں مشاورتی اجلاس ہوا جس کے مطابق آئندہ ماہ میں مرکزی صدر اور سیکرٹری جنرل سمیت تمام تنظیمیں تحلیل کرنے کا فیصلہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں آئندہ ہونے والے انتخابات میں صف بندی کے حوالے سے ایک اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔ ترجمان وزیراعظم ہاوس کے مطابق مشاورتی اجلاس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان’پارٹی آرگنائزر سیف اللہ نیازی’وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور ‘ذلفی بخاری اور مراد سعید نے شرکت کی۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں جماعت شدید دھڑے بندی کا شکار ہے’ان حالات میں پارٹی کو شدید ترین نقصانات پہنچ سکتے ہیں اور دیگر جماعتوں سے آنے والے افراد کے لیے بھی یہ ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ اس حوالے سے آئندہ ماہ آزاد کشمیر کی موجودہ تحریک انصاف کی تنظیم تحلیل کر کے نء تنظیم سازی کی جائے گی جس میں پارٹی صدر اور سیکرٹری جنرل سمیت تمام عہدے داروں کی تقرریاں ہونے کے امکانات ہیں۔ترجمان کے مطابق دھڑے بندی کی وجہ سے
تحریک انصاف میں شمولیت کے لیے خواہش رکھنے والے افراد پریشانی کا شکار نظر آ رہے ہیں جس سے تحریک انصاف آزاد کشمیر کے لیے حکومت بنانا مشکل نظر آ رہا ہے۔ اس عمل کو یقینی بنانے کے لیے ایک غیر جانبدار کنوینیر کی تقرری کی جائے گی جو براہ راست پارٹی چئیرمین عمران خان کو جوابدہ ہو گا۔
