مظفرآباد( vok News )
ڈپٹی کمشنر مظفرآباد عبدالحمید کیانی کی زیر صدارت مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام، امام مساجد اور خطیب صاحبان کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سردار یاسین بیگ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مظفرآباد عبدالحمید کیانی نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر کی جانب سے جاری کردہ SOPs کے مطابق مساجد کے اندر ہر صورت نمازیوں کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا۔مساجد کے اند ر ایس او پیز کے تحت طے شدہ سماجی فاصلہ کا خیال رکھا جائے گا، کسی بھی مسجد سے جنازہ کا اعلان نہیں ہو گا، مساجد میں صرف اذان اور عربی میں دیئے جانے والے خطبہ کے لیے لاؤڈسپیکر کے استعمال کی اجازت ہو گی اس کے علاوہ لاؤڈ سپیکر کا کسی دیگر مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا جس کے لیے نیشنل ایکشن پلان کے تحت پابندی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں ہیلتھ ایمرجنسی ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام نے پہلے بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور آگاہی فراہم کرنے میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح تعاون جاری رکھیں گے۔ علماء کرام ہمارے معاشرے کا اہم جزو ہیں اور ہم سب ان کا احترام کرتے ہیں اس لیے کورونا وائرس کے حوالہ سے جاری کردہ حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمدکروانے میں علماء کرام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تاکہ ایس او پیز پر عملدرآمد ممکن بنا کر اس مہلک وباء سے نجات حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کا مشترکہ مقصد لوگوں کی جانوں کی حفاظت ہے۔ ہم سب نے مل کر اس مہلک مرض سے اپنے لوگوں کو بچانا ہے۔ یہ صرف حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر مکتبہ فکر کے تعاون سے ہی ممکن ہے۔