افغان دارالحکومت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گرنے والے ایک مارٹر کے نتیجے میں ایک عام شہری ہلاک ہو گیا ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے مطابق اس واقعے میں کم ایئر کے ایک جہاز کو بھی معمولی نقصان پہنچا ہے۔ بیان کے مطابق شہر کے شمالی حصے کے قریب ایک گاڑی سے دس شیل فائر کیے گئے۔ فی الحال اس حملے کی ذمہ داری کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے، تاہم خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ماضی میں دہشت گرد تنظیم داعش ایسے حملوں میں ملوث رہی ہے۔ گزشتہ ماہ اسلامک اسٹیٹ نے کابل میں دو درجن مارٹر گولے فائر کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اس واقعے میں آٹھ عام شہری ہلاک جب کہ 31 دیگر زخمی ہوئے تھے۔