پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے کہا ہے کہ وہ بھارت نواز این جی اوز کی جانب سے پچھلے پندرہ برس سے پاکستان کے خلاف غلط خبریں پھیلانے کی مہم کی تفتیش کرے۔ رواں ہفتے غیرسرکاری تنظیم ای یو ڈِس انفولیب نے ایک رپورٹ شائع کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ قریب دس غیرفعال لیکن اقوام متحدہ سے منسلک این جی اوز نے یورپی یونین اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل پر اثر انداز ہونے کے لیے پاکستان مخالف خبریں پھیلائیں۔ ایک پریس کانفرنس میں شاہ محمود قریشی نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور یورپی یونین ایسے طریقہ کار وضع کریں کہ کوئی عنصر بین الاقوامی نظام کو متاثر نہ کر سکے۔