ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین کرس گیل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک ہزار چھکے لگانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ اعزاز چار سو سے کچھ زیادہ میچ کھیل کر حاصل کیا۔ وہ اس فارمیٹ میں تیرہ ہزار سے زیادہ رنز بنا چکے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے سٹار بلے باز کرس گیل عام طور پر ایک اوپننگ بیٹسمین کے طور پر کھیلتے ہیں لیکن کل جمعہ تیس اکتوبر کو بھارتی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ انڈین پریمیئر لیگ یا آئی پی ایل کے ایک میچ میں وہ ون ڈاؤن کے طور پر کھیلنے کے لیے کریز پر آئے۔

وہ اس میچ میں اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی 23 ویں سینچری بنانے میں اس وقت ناکام ہو گئے، جب وہ 99 کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ لیکن ساتھ ہی گیل کرکٹ کی ریکارڈ بکس میں اس وقت ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے، جب آؤٹ ہونے سے پہلے تک وہ آٹھ چھکوں کی مدد سے 63 گیندوں پر 99 رنز بنا چکے تھے۔

آئی پی ایل کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کی طرف سے کھیلتے ہوئے کرس گیل نے اس میچ میں جتنے چھکے لگائے، ان کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ان کی چھکوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار کی حد پار کر گئی۔ اہم بات یہ ہے کہ وہ پیشہ وارانہ کرکٹ کے اس فارمیٹ میں ایک ہزار چھکے لگانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔ کل کے میچ کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں کرس گیل کے چھکوں کی مجموعی تعداد 1001 ہو گئی ہے۔