اسلام آباد(وائس آف کشمیر رپورٹ ) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے بدترین فوجی محاصرے کو آج 500دن ہو گئے ۔مقبوضہ کشمیر کے عوام اس وقت دنیا کی سب سے بڑی دہشتگردی کا مقابلہ کررہے ہیں۔ ہندوستان گزشتہ ایک سال چار ماہ سے مقبوضہ کشمیر کے بے کس اور بے گناہ شہریوں کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں رکھ کر ان پر انسانی تاریخ کے بدترین مظالم ڈھارہا ہے لیکن بدترین فوجی محاصرے کے500دن گزرنے کے باوجود بھی ان کے پائیہ استقلال میں لغزش نہیں آئی ۔ اقوام متحدہ اور عملی ادارے کشمیریوں کو ظلم و جبر سے نجات دلانے کےلئے اپنا عملی کردار ادا کریں۔ اپنے ایک خصوصی بیان میں وزیر اعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ہندستان کی بزدل فوج ظلم و جبر کی انتہاءکررہی ہے لیکن اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میںجتنا ظلم ہوا ہے شاید ہی انسانی تاریخ میں ایسی مثال ملتی ہو ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام ہندوستان کے ظلم و جبر کے سامنے نہ جھکے ہیں نہ جھکیں گے ۔ وزیر اعظم نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی ادارے اور تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کا فوجی محاصرہ ختم کروائیں اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق حق خودارادیت دلوانے کےلئے اقوام متحدہ اپنا عملی کردار ادا کرے۔