باغ( وائس آف کشمیر نیوز)مسلم لیگ ن کے چیف آرگنائزر وزیر اطلاعات، سیاحت،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ اے پی ایس پشاور کے شہداء ہمار ے ذہنوں میں ہمیشہ جگمگاتے رہیں گے۔ہمارے طالب علموں کی عظیم قربانیوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلیے اہم ترین کردار ادا کیا۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار شہداء اے پی ایس پشاور کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اے پی ایس پشاور کے بچوں نے جو بے مثال قربانی دی و ہ تاریخ میں زندہ و جاوید رہے گی۔انہوں نے کہا کہ وطن سے دہشگردوں کے قلع قمع کیلئے پوری قوم پاک فوج کی پشت پر ہے جس نے اس جنگ میں کامیابی کیلیے لازوال اور بیمثال قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا۔