اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر فعال کیا جائے، پاکستان فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  

پاکستان نے بھارت سے ایل او سی پر جاری اشتعال انگیزی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اشتعال انگیزیاں علاقائی امن کے لیے خطرہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے ایل او سی پر جاری اشتعال انگیزیوں پر بھارتی سینیئر سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے۔ بھارتی فورسز نے 19 دسمبر کو ایل او سی کے رکھ چکری سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی، بھارتی فائرنگ سے اکھوڑی گاؤں کی 25 سال کی لڑکی شدید زخمی ہوئی۔

ترجمان دفتر خارجہ  نے کہا کہ رواں سال بھارت سیز فائر معاہدے کی 3003 بار خلاف ورزیاں کر چکا ہے ، بھارتی فورسز نے ایل او سی اور ورکنگ باوَنڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رکھا ہے، بھارتی اشتعال انگیزیوں سے 27 بے گناہ شہری شہید جب کہ 250 زخمی ہوچکے ہیں، بھارت کا نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور اقدار کے منافی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کی پے در پے اشتعال انگیزیاں علاقائی امن کے لیے خطرہ ہیں، بھارت ایسے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کو گمراہ نہیں کر سکتا، بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے اور ایل او سی پر اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو فعال کیا جائے