
امریکی ماہرین نے لاما نامی جانورکے جسم سے کورونا وائرس کے خلاف ایک مؤثر اینٹی باڈی حاصل کی ہے۔ فوٹو: فائل
میری لینڈ: اونٹ کی نسل سے تعلق رکھنے والے جانور لاما کے جسم سے ایسی اینٹی باڈیز ملی ہیں جو کووڈ 19 کی وجہ بننے والے ’’سارس کووڈ 2‘‘ کے خلاف ہماری جنگ کا نیا ہتھیار بن سکتی ہیں۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ امریکا کے سائنس دانوں نے لاما سے مختصر اینٹی باڈیز دریافت کی ہیں جنہیں ’نینو باڈیز‘ بھی کہا جاتا ہے۔ ان میں سے ایک کو NIH-CoVnb-112 کا نام دیا گیا ہے جو کورونا وائرس کے پروٹین کے ابھار کی بنا پر شناخت کرتی ہے اور انفیکشن کو روکتی ہے۔
یہ اینٹی باڈیز مائع اور پھوار کی صورت میں بھی اپنی افادیت برقراررکھتی ہیں اور سانس کے اندر اتارے جانے کے باوجود تاثیر نہیں کھوتی۔ این آئی ایچ میں واقع اعصابی امراض اور فالج کے شعبہ سے وابستہ ڈاکٹر تھامس جے ایسپرازا اور ڈیوڈ بروڈی نے یہ کام کیا ہے اور دونوں بنیادی طور پر دماغی امراض کے ماہرہیں۔
سائنسداں پرامید ہیں کہ یہ کووڈ 19 کے خلاف حاصل کردہ نینو باڈیز کورونا وبا سے لڑنے کے لیے بہت مؤثر اور طاقتور ثابت ہوسکتی ہیں۔ اونٹ ہوں یا لاما ان کے جسم کا فطری دفاعی نظام عین انسانوں کی طرح کام کرتے ہوئے مرض سے لڑنے والی اینٹی باڈیز بناتا رہتا ہے تاہم انسانی اینٹی باڈیز کے مقابلے میں ان کا وزن دسویں حصے کے برابر ہوتا ہے۔
اگرچہ یہ اینٹی باڈیز طویل زنجیروں والے پروٹین کا ایک حصہ ہوتی ہیں لیکن وہ وائرس، بیکٹیریا اور حملہ آور اجسام کے پروٹین کو پہچان کر ان پر حملہ آور ہوجاتی ہیں۔ لاما کی اینٹی باڈیز بھی اسی طرح کام کرتی ہیں لیکن کچھ مختلف انداز میں، یعنی وہ وائرس پر نوکلیلے ابھار کو نشانہ بناتی ہیں۔
اس کے لیے پہلے لاما کو بیمار کیا گیا یعنی سارس وائرس کے ابھاروں میں موجود پروٹین کی خالص مقدار سے اسے 28 روز تک متاثر کیا گیا۔ اس کے ردِ عمل میں جانور نے اینٹی باڈیز بنانا شروع کردیں پھر باری باری ہر اینٹی باڈی کو دیکھا گیا تو ان میں سے 13 اقسام کی اینٹی باڈیز کارآمد نکلیں۔
پھر 13 اینٹی باڈیز کی آزمائش کے بعد ایک اینٹی باڈی NIH-CoVnb-112 کو مؤثر پایا گیا۔ ٹیسٹ ٹیوب تجربات سے معلوم ہوا کہ یہ نینوباڈی ایک ایسے ریسپٹر سے براہِ راست جڑ کر اسے بے بس کردیتی ہے جو وائرس سے جڑ کر انفیکشن پھیلاتا ہے۔
ماہرین نے اس تحقیق سے نتیجہ یہ اخذ کیا کہ اس طرح اینٹی باڈی ہر لحاظ سے کورونا وائرس کے خلاف مؤثر ثابت ہوئی ہے۔