مظفرآباد ( وائس آف کشمیر نیوز ) سخت سردی اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا۔ نزلہ زکام کھانسی سمیت نمونیہ کی شکایات میں شدید اضافہ, بجلی کی آنکھ مچولی نے عوام کے گھریلو الیکٹرونکس کے سامان جل جانے کی شکایات بھی عام ہو گئیں۔ پولیس لائن, گوجرہ, شوکت لائن سمیت شہر کے متعدد علاقے اندھیروں کی نظر ہو گئے, جلانے والی لکڑی سمیت کوئلہ اور مٹی کا تیل کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ نے عوام کی چیخیں نکال دیں, غریب خاندان بے بسی کی تصویر بن گئے حکومتی اداروں سمیت ضلعی انتظامی نے بھی آنکھوں اور کانوں کو بند کرتے ہوئے منہ پر قفل لگا لئے۔ تفصیلات کے مطابق سردی کی بڑھتی ہوئی لہر اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے دارلحکومت آزادکشمیر کے عوام الناس کو شدید ذہنی ازیت میں مبتلا کر کے رکھ دیا ہے۔ دن بھر بجلی کی آنکھ مچولی نے عوام کو قیمتی گھریلو الیکٹرونکس فریج,ٹی وی اور دیگر مصنوعات سے محروم کرنا شروع کر رکھا ہے۔ دن بھر اور رات کو بجلی کے آنے جانے اور وولٹیج کی کمی بیشی کی وجہ سے گھریلو الیکٹرونکس کی مصنوعات جل جانے کی شکایات عام ہو چکی ہیں۔ دوسری طرف جلانے والی لکڑی,مٹی کا تیل اور کوئلہ کی قیمتوں میں بھی من پسند اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جسکی وجہ سے عوام شدید ازیت میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ عوامی حلقوں نے چیف سیکرٹری آزادکشمیر سے صورت حال پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔