بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کل بروز جمعہ کو مکمل ہڑتال کی کال دی ہے اور کشمیری عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نماز جمعہ کے بعد بھرپور احتجاجی مظاہرے کریں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوںنے گزشتہ روز اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کاروائی کے دوران سرینگر کے علاقے لاوے پورہ میں تین کشمیری نوجوانوںکو شہید کردیاتھا ۔ حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران بھارتی قابض افواج نے سوپور، بارہمولہ، شوپیان اور سرینگر میں بے گناہ کشمیریوںکو شہید کیا جس پر پوری کشمیری قوم غمزدہ ہیں اس لیے بروز جمعہ مکمل ہڑتال کی کال دی گئی ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نماز جمعہ کے بعد اپنے اپنے علاقوں میں بھرپور احتجاجی مظاہرے کریں۔ انہوںنے کہا کہ ان شہادتوں نے اس حقیقت کو ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے جذبے سے سرشار ہے اور
بھارت کے غاصبانہ قبضے کو وہ کسی بھی طرح قبول کرنے پر آمادہ نہیں ۔ حریت ترجمان نے کہاکہ بھارت کشمیریوںکے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے ظلم و تشدد کے تمام ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام کل مکمل ہڑتال کر کے پوری دنیا پر یہ واضح کردیں کہ وہ کشمیری شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔حریت ترجمان نے کشمیری عوام سے آج (جمعرات کو)گھنٹہ گھر چوک سرینگر کی طرف مارچ کرنے کی بھی اپیل کی جس کی کال شہید کشمیری نوجوانوںکی مائوں نے دی تھی۔ ادھر تحریک استقلال کے نائب چیئرمین مشتاق احمد بٹ نے ایک بیان میںسرینگر اور پلوامہ میں بھارتی فوجیوں
کے ہاتھوں جعلی مقابلوں میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ انہوںنے بھارتی قابض فوج کی طرف سے نہتے کشمیری نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کے فسطائی حکمران اور دہشت گردد فوج مظلوم کشمیری عوام پرطاقت کا وحشیانہ استعمال کر کے اپنے مکرو و توسیع پسندانہ عزائم کی تکمیل پر عمل پیرا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وادی کشمیر کے طول و عرض میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں ،ظلم و تشدد ، قتل و غارت گری اور خوف وہراس کا سلسلہ جاری ہے ۔