حکومت مچھ حملے کے متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، عمران خان

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پولیس فائرنگ سے ہلاک نوجوان اسامہ ستی کو قتل کرنے والے پولیس اہلکاروں کے بارے میں کہا ہے کہ ایسے بے رحم لوگ پولیس میں نہیں ہونے چاہئیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں شیخ رشید احمد نے مچھ مقتولین کے لواحقین سے ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کیا۔ بابر اعوان نے اسامہ ستی کے والدین کا مؤقف کابینہ میں پیش کیا۔ کابینہ نے مچھ حملے اور اسامہ ستی قتل پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایسے بے رحم لوگ پولیس میں نہیں ہونے چاہئیں، حکومت مچھ حملے کے متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

شیخ رشید احمد نے بلوچستان میں ایف سی کے شہید اہلکاروں، اسلام آباد میں جاں بحق ہونے والے اسامہ ستّی اور ہزارہ کمیونٹی کے شہدا کے لئے دعا کروائی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وزیر اعظم عمران خان کو کوئٹہ دورے پر رپورٹ دی جبکہ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر کل کوئٹہ دورہ کیا اور ہزارہ برادری سے ملاقات کی تھی۔