اسلام آبادوزیر اعظم آزادجموں کشمیر راجہ فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ کشمیر کو ترجیح اول رکھا جائے، کشمیری اپنے پیدایشی حق کےلیے جدوجہد کررہے ہیں کشمیریوں کو ان کاحق خودارادیت دیے بغیر خطے میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، جب تک کشمیریوں کو حق آزادی نہیں مل جاتا خطے میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، جنرل گریسی نے قاہداعظم محمد علی جناح کے حکم کو نہیں مانا ،قاہداعظم نے کشمیر میں اپنی فوج داخل کرنے کا حکم دیا تھا لیکن قاہداعظم کی حکم عدولی کی گی پھر قباہل کشمیریوں کی مدد کےلئے کشمیر میں داخل ہوے، ہمیں سچی بات کرنی چاہیے آزادکشمیر کی عدلیہ میں ججز کے تقرر کے حوالے سے وزیراعظم آزادکشمیر کا کوئی کردار نہیں، سیاسی ایجنڈے کے تحت اس معاملے میں ملوث کیا جارہا ہے ،ہم نے ججز کی تعداد بڑھائی تمام ضروری وسائل فراہم کیے اور عدلیہ کی ہدایات پر ہمیشہ عملدرآمد کیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیشنل پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوے کیا۔ اس موقع پر صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم سیکرٹری پریس کلب انوررضا نے معزز مہمان کو نیشنل پریس کلب آمد اور میٹ دی پریس میں خوش آمدید کہا جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلات آزاد کشمیر راجہ اظہر اقبال، وزیر اعظم کے پریس سیکرٹری راجہ وسیم، نائب صدور نیشنل پریس کلب راجہ خلیل، سعدیہ کمال، ممبران گورننگ باڈی راجہ بشیر عثمانی، جعفر بلتی، راجہ ابرار حسین سمیت سینئر صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی آزادی اور حق خودارادیت کےلئے ایک طویل عرصہ پرامن جدوجہد جاری رکھی لیکن بھارت کے کانوں پر جوں تک بھی نہیں رینگی پھر مجبورا کشمیر یوں نے دوسرا راستہ اختیار کیا، جب بھارتی فوج کے مظالم انتہا کو پہنچ گے تو کشمیری نوجوان مجبور ہوکر ردعمل پر آگئے ۔ راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا کہ کشمیریوں نے حق خودارادیت کےلئے تاریخ کی بے مثال جدوجہد اور لازوال قربانیاں پیش کی ہیں، ان قربانیوں کا تقاضا ہے کہ آزادی کی اس تحریک کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا مستقبل پاکستان سے و ابستہ ہے ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان کمزور ہو ہم،کشمیری پاکستان کو ہر لحاظ سے مضبوط و مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی تحریک کو دبانے کےلئے مذموم حربے استعمال کررہا ہے، اس وقت ہمیں مل کر بھارت کی سازشوں کوناکام بنانا ہوگا۔ حکومت پاکستان کشمیر کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سا لمیت پاکستان اور تحفظ پاکستان کےلیے قربانیاں دے رہے ہیں ،پاکستان کشمیر پر جاندار موقف اپنائے اور کشمیر میں بہنے والے معصوم کشمیریوں کے خون کی قدر کرے۔ وزیرا عظم نے کہاکہ میڈیا کو تحریک آزادی کشمیر کے ابلاغی محاذ پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، بھارت کے تحریک آزادی کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا توڑ کرنا ہوگا۔ بھارت عالمی سطح پر کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو دہشت گردی سے جوڑنا چاہتا ہے اور اپنی منفی مہم کے ذریعے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکناچاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الزامات کی سیاست کا خاتمہ ہونا چاہیے اور سیاسی لیڈر شپ کے خلاف بے بنیاد الزامات اور میڈیا مہم ختم ہونی چاہیے ، اس سے ملک میں انارکی پھیلتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آزاد کشمیر میں احتساب کا جوادارہ بنایا ہے اس میں چیئرمین احتساب بیورو کو یہ اختیار نہیں دیا کہ وہ کسی کو گرفتار کرے بلکہ وہ کیس عدالت اور جج کو ریفر کرے گا، جب تک کسی پر جرم ثابت نہ ہو اس الزامات پر کسی طرح کی سیاست یا میڈیا ٹراہل نہیں کیا جاے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال تشویشناک ہے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ہم دل و جان سے پاکستان کی قدر کرتے ہیں، ہماری پاکستان سے جذباتی وابستگی ہے، ہم پاکستان کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان کی مضبوطی کشمیر کی آزادی کی ضمانت ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ اہل قلم کشمیر یوں کو حق خودارادیت دلانے کےلئے قلمی محاذ پر اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے صحافیوں کی ذمہ داریاںبڑھ چکی ہیں ،ہر فرد کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔