پاک فوج سے متعلق جو باتیں کی گئی حکومت نے بہتر انداز میں اس کا جواب دیا ہے،میجر جنرل بابر افتخار  فوٹو: فائل

 راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی راولپنڈی آنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی، اور اگر وہ پنڈی آئے تو چائے پانی پلائیں گے۔

جی ایچ کیو راولپنڈی میں نیوز کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 سال ہر لحاظ سے مشکل ترین سال تھے، ایک دہائی سےسیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، اور رواں سال معیشت اور سیکیورٹی کے ساتھ کووڈ 19 جیسے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا، اور اس نےملکی معیشت کو بھی مشکل میں ڈالا،  اس کے ساتھ ہمیں بھارتی اشتعال انگیزیوں کا سامنا ہے، تمام چینلجز کے باوجود قوم نے متحد ہوکر ان مشکلات کا سامنا کیا4

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت نہیں چاہتا پاکستان پرامن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو، گزشتہ دہائی سے ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزیاں جاری تھیں، ہم نے بھارت کے مذموم عزائم کی نشاندہی کی اور مقابلہ کیا، دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشن کیے گئے، خطرات اندرونی ہوں یا بیرونی ہمیشہ حقائق کے ذریعے نشاندہی کی اور مقابلہ کیا، دہشت گردی کیخلاف آپریشن سے سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی، اس وقت پاکستان میں کوئی بھی منظم دہشت گرد تنظیم موجود نہیں ہے۔