نمبر چار ہندسوں پر مشتمل ہوگا، ملک بھر کے اداروں، سیکیورٹی افسران کے نمبرز مرکزی کنٹرول کے پاس موجود ہوں گے (فوٹو : انٹرنیٹ)

 کراچی: وفاقی حکومت نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کی فوری مدد کے لیے نیا ہیلپ لائن نمبر متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 یہ ہیلپ لائن نمبر 4 ہندسوں پر مشتمل ہوگا، اس نمبر کا مرکزی کنٹرول روم سے رابطہ ہوگا جسے ملانے کی صورت میں متاثرہ شہری کو متعلقہ ادارے کی جانب سے فوری مدد حاصل ہوجائے گی۔ اس ہیلپ لائن نمبر کا رابطہ تمام وفاقی، صوبائی اداروں، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، اسپتالوں، ریسکو اور ریلیف اداروں اور دیگر ہنگامی صورتحال میں فراہم کرنے والے محکموں سے ہوگا۔

اطلاعات کے مطابق مذکورہ ہیلپ لائن کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی قائم کرے گی، یہ مکمل طور پر ملکی سطح پر آئی ٹی اور ٹیلی کام ماہرین تیار کریں گے۔ اس ہیلپ لائن کی مرکزی ڈیسک اسلام آباد میں ہوگی جبکہ ہر ضلع میں اس کی ڈیسک قائم کی جائے گی۔