مظفرآباد آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آج بھارت یوم جمہوریہ منا رہا ہے لیکن جموں وکشمیر کے عوام، پاکستان اور آزادی و انسانی وقار پر یقین رکھنے والے دنیا کے تمام انسانوں کے لئے یہ سیاہ دن ہے کیونکہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا راگ الاپنے والے بھارت نے اپنی سلطنت کی بنیاد ہی انسانیت کے خلاف جرائم پر رکھی ہے۔ بھارت کے یوم جمہوریہ کے دن کشمیریوں کی طرف سے یوم سیاہ منائے جانے کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت نے اپنی آزادی کے چند ماہ بعد جموں وکشمیر پر فوجی قبضہ جما کر کشمیریوں سے اُن کی آزادی چھین کر اور اُن پر ظلم وجبر کے پہاڑ توڑ کر یہ ثابت کر دیا کہ بھارت ایک جمہوری ریاست ہے اور نہ ہی وہ آزادی، عدل، مساوات اور انسانوں کے آفاقی طور پر تسلیم شدہ حقوق پر یقین رکھنے والا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوں تو جموں وکشمیر کے عوام گزشتہ بہتر سال سے ظلم و جبر کا نہ ختم ہونے والا غیر انسانی سلوک سہہ رہے ہیں لیکن گزشتہ ایک سال سے نریندر مودی کی بی جے پی اور آر ایس ایس حکومت نے کشمیریوں کے خلاف ظلم و بربریت کے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ مودی حکومت نے سال 2019میں مقبوضہ جموں وکشمیر پر ایک بار پھر حملہ کر کے نہ صرف کشمیریوں کو محاصرے میں لے رکھا ہے بلکہ اُن کی زمین، ملازمتیں اور کاروبار چھین کر انہیں اپنی ہی سرزمین پر بے زمین، بے روزگار اور بے گھر کر دیا ہے۔ صدر آزادکشمیر نے اپنے پیغام میں بھارتی ظلم و جبر اور قتل و غارت گری کی شدید مذمت کرتے ہوئے مودی حکومت کی طرف سے متنازعہ ریاست جموں وکشمیر کو بھارتی وفاق کا حصہ قرار دینے کے عمل کو کشمیریوں کے لئے ناقابل قبول قرار دیا