مظفرآباد( ) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہندوستان انسانیت کا قاتل،ہندوستان کی جمہوریت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے سب سے بڑا فراڈ ہے۔جمہوریت کا دعویدار ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ملک ہے۔ بھارت کا یوم جمہوریہ ہمارے لیے یوم سیاہ ہے۔بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔سات دھائیوں سے ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں غیر جمہوری طریقہ کار اپناتے ہوئے ظلم و جبر کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں رائج کالے قوانین صریحاً جمہوری اقدار کیخلاف ہیں۔ 5اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جو ہوا کیا وہ جمہوری ملک کرتاہے؟۔تحریک آزادی کشمیر ایشیاکے امن کی تحریک ہے۔ہندوستان میں اقلیتوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ ہندوستان میں رہنے والی اقلیتیں انتہاء پسندانہ حکمرانوں سے خوفزدہ ہیں۔ہندوستان نے جس دن سے یوم جمہوریہ مناناشروع کیا اس دن سے ہمارا یوم سیاہ ہے۔اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر 5اگست2019کے بعد ہندوستان کے فوجی محاصرے میں ہے۔ ہندوستان کا 5اگست کا اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کوبری طرح پامال کیا۔ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان لاکھوں شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے گر م لہو سے شمع تحریک کو ہر آن تابندہ اور روبہ مستقبل رکھا اور کٹھن حالات و مشکلات کے باوجود جوش حریت کو سرد نہیں ہونے دیا۔ 5اگست کا بھارتی اقدام کشمیری نہیں مانتے ہیں۔ کشمیری کسی صورت بھارت کا حصہ نہیں اور نہ کبھی ہو سکتا ہے۔تحریک آزادی کیلئے کشمیریوں نے اپنی تیسری نسل قربان کردی ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرنے والے تمام ممالک، اداروں اور تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کا وعدہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادو ں کے مطابق اپنا بنیادی حق حق ارادیت چاہتے ہیں۔ اس پر اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی متعدد قراردادیں موجود ہیں۔