نئی دہلی:بھارت میں یوم جمہوریہ کی تقریبات جاری ہیں اور اس دوران مشتعل کسان مظاہرین کی ٹریکٹر ریلی تمام سیکیورٹی رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے دارالحکومت میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئی اور مظاہرین نے لال قلعہ پر دھوا بول کر عمارت پر خالصتان کا جھنڈا لہرا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پنجاب کے کسان مودی سرکار کی متنازع زرعی پالیسی کے خلاف 3 ماہ سے نئی دہلی کے سرحدوں پر سراپا احتجاج تھے اور آج بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر جب نئی دہلی میں سخت سیکیورٹی نافذ ہے اور اہم تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے، مظاہرین کی ٹریکٹر ریلی تمام رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے دارالحکومت کے اندر داخل ہوگئی۔

کسان مظاہرین کی منزل لال قلعہ عمارت تھی جس تک پہنچنے سے روکنے کے لیے دہلی پولیس نے شہر بھر رکاوٹیں کھڑی کی تھیں اور بڑی تعداد میں نفری تعینات تھی تاہم یہ تمام تیاریاں دھری کی دھری رہ گئیں اور کسانوں کی ٹریکٹر ریلی لال قلعہ تک پہنچ گئی۔ مظاہرین شدید نعرے بازی کرتے ہوئے لال قلعہ کے گنبد پر چڑھ گئے اور خالصتان کا جھنڈا لہرا دیا۔