مظفرآبادکمشنر مظفرآباد ڈویژن محترمہ تہذیب النساءنے کہا ہے کہ یکم فروری سے کورونا وائر س سے بچاﺅ کےلئے ”ہفتہ آگاہی وعملدرآمد حفاظتی تدابیر“کے طور پر منایا جائےگا۔کورونا وائرس کا خطرہ ابھی بھی موجود ہے ،شہریوں سے اپیل ہے کہ حفاظتی ایس او پیز اپنائیں، گزشتہ چند دنوں سے کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ،شہریوں نے حفاظتی ایس او پیز عملدرآمد کرنا چھوڑ دیا جس کی وجہ سے کورونا کے مثبت کیسز آرہے ہیں۔ شہریوں نے اگر احتیاط نہ برتی تو دوبارہ سختی کی جاسکتی ہے۔کورونا وباءکا دوسرا مرحلہ پہلے سے زیادہ خطرناک ہو سکتا ہے ، شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ بازاروںاور رش والی جگہوں پر بالخصوص ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھا جائے ، انتظامیہ ایس او پیزپر عملدرآمد کاجائزہ لے گی اور خلاف ورزی پر کارروائی کی جائیگی ۔اپنے ایک بیان میں کمشنر مظفرآباد ڈویژن محترمہ تہذیب النساءنے کہاکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر زیادہ خطرناک ہے،شہری احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور اپنے اور اہلخانہ کی حفاظت کریں ۔ہفتہ آگاہی وعملدرآمد حفاظتی تدابیر منانے کا مقصد شہریوں کو اس سے بچاﺅ کےلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے آگاہی فراہم کرنا ہے ، میڈیا سے بھی اپیل ہے کہ اس حوالہ سے اپنا کردار کرے ۔انہوں نے کہاکہ تعلیمی ادارے بھی کھل گئے ہیں جس کی وجہ سے مزید احتیاط کرنے کی ضرورت ہے ، تعلیمی اداروں میں ایس اوپیز پر بھرپور عملدرآمد کروایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے پہلے مرحلے میں حکومت نے بروقت اقدات اٹھاتے ہوئے سختی کی جس کی وجہ سے یہ وباءکنٹرول میں رہی ، اب دوبارہ مثبت کیسز کا سامنے آنا تشویشناک ہے ۔ شہریوں کی جانب سے اگر بے احتیاطی جاری رکھی گئی تو دوبارہ سختی کر سکتے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے شہریوں کی حفاظت کےلئے تمام شعبہ ہائے زندگی کےلئے باقاعدہ ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں جن پر عملدرآمد کر کے اس مہلک وباءسے بچا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شہری ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلوں کو برقراررکھنے جیسے بنیادی طریقوں پر عمل کر کے خود بھی بچیں اور دوسروں کو بھی کرونا سے بچنے میں مدد فراہم کریں اور ایس اوپیز کا خیال رکھتے ہوئے معمولات زندگی سرانجام دیں۔