مظفرآباد وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فا روق حیدرخان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن گزشتہ ساڑھے چار سالوں کے دوران آزادکشمیر کی تعمیر وترقی ، گڈگورننس کے نفاذ اور میرٹ کی بحالی کےلئے تاریخ ساز اقدامات اٹھائے ،اس کے ساتھ ساتھ ختم نبوت کو آزادکشمیر کے آئین کا حصہ بنانے کا اعزاز بھی اللہ رب العزت نے ہمارے نصیب میںلکھا، اب نبی رحمتﷺ کے اسم مبارک کے ساتھ ’خاتم النبین‘ بھی لازمی قراردیدیاہے یہ سعادت بھی ہمارے حصے میں آئی ہے جس پر اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔ تارکین وطن ہمارا سرمایہ ہیں جنہوں نے دیار غیر میں اپنی محنت کے بل بوتے پر اپنا نام بنایا۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے تارکین وطن کے مسائل حل کرنے کےلئے اقدامات اٹھائے ۔ تارکین وطن کشمیر یوں کے سفیر کے طور پر جن جن ممالک میں رہائش پذیر ہیں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے آج مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر زندہ ہے ۔تارکین وطن کے شکرگزار ہیں جنہوںنے نامساعد حالات کے باوجود بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام سے رشتہ جوڑے رکھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے صدر عابد ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ جو منشور لیکر اقتدار میں آئے تھے اللہ کے فضل و کرم اور اس کی نصرت سے اس کو پورا کیا۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے عوامی ضرورت کو مدنظررکھ کر آزادکشمیر بھر میں ترقیاتی منصوبے لگائے ۔ لوگوں کو اہلیت و صلاحیت کی بنیاد پر میرٹ پر بھرتی کیا۔ انہوںنے کہاکہ جولوگ کبھی سروس میں آنے کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے اللہ کے فضل وکرم سے مسلم لیگ ن کی حکومت نے ان کو ان کاحق دیا ۔ صاف و شفاف پبلک سروس کمیشن کے ذریعے غریب لوگوں کے بچے اعلیٰ عہدوں پر تعینات ہوئے ہیں ۔ ہم نے ماضی کی حکومتوں کی طرح سیاسی بھرتیاں نہیں کیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوا م اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ہندوستان کی قابض افواج نے کشمیریوں کو فوجی محاصرے میں رکھا ہوا ہے لیکن کشمیریوں کو عزم جواں ہے ، ان کے حوصلے بلند ہیں ، کشمیری نہ پہلے ہندوستان کے سامنے جھکیں ہیں نہ اب جھکیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کے جذبے کو کمزور نہیں کر سکتی۔ ہندوستان نے انسانی تاریخ کے بدترین جبر و ظلم سے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کی لیکن کشمیری عوام کے غیر متزلزل جذبے نے ہندوستان کے مکروہ عزائم کو ناکام بنایا ۔ کشمیری عوام نے قربانیوں کی جو لازوال داستان رقم کی ہے انسانی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ مقبوضہ کشمیر اس وقت بھی گزشتہ برس پانچ اگست کے بعد سے ہندوستانی فوجی محاصرے میں ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے جذبے اور ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں ۔