مظفرآباد:۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزادکشمیر کے ایڈمنسٹریٹر کرنل سردار طاہر یونس(ر) نے انسپکٹر جنرل پولیس آزاد جموں وکشمیر صلاح الدین محسود سے ملاقات کی۔ملاقات کا مقصد محکمہ پولیس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزادکشمیر کے مابین باہمی تعاون کو بڑھانے اورپولیس آفیسران اور جوانوں کو بنیادی فرسٹ ایڈ تربیت دینے کے علاوہ مختلف ہنگامی تربیتوں کے ذریعے ان کی استعداد کار میں مزید بہتری لانا تھا۔ اس موقع پرایڈ منسٹریٹر پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزاکشمیر کرنل سردار طاہر یونس(ر) نے کہا کہ محکمہ پولیس اور ریڈ کریسنٹ آزادکشمیر کے مابین باہمی تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یاداشت پہلے سے موجود ہے جس کے ذریعے پولیس آفیسران اور جوانوں کوہنگامی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لئے مختلف ٹریننگز دی جاتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اس دائرہ کارکومزید بڑھائیں گے تاکہ پولیس کی دیگر ایمرجنسی ہینڈلنگ کو مزید بہترکیا جا سکے۔ ایڈ منسٹریٹر کرنل سردار طاہر یونس (ر) کا کہنا تھا کہ کسی بھی حادثے یا ہنگامی صورتحال میں پولیس سب سے پہلے جائے حادثہ پر پہنچتی ہے اور ایسی صورتحال میں انسانی جانوں کے ضیاع کو کم سے کم کرنے کے لئے پولیس کی بہتر طریقے سے تربیت نہایت ضروری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں ٹریفک حادثات میں کمی لانے اور عوام الناس میں ٹریفک اصولوں کی پابندی کو یقینی بنانے کے کے لئے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزادکشمیر نے ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر مختلف معلوماتی کمپینز چلائی ہیں جس کے خاطر خواہ نتائج حاصل ہوئے ہیں۔
انسپکٹر جنرل پولیس صلاح الدین محسود نے ایڈمنسٹریٹر کرنل سردار طاہر یونس(ر) کے خیالات سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزادکشمیرنے ہمیشہ ہنگامی صورتحال زلزلہ، سیلاب اور دیگر آفات کے موقع پر انسانیت کی بلا تفریق خدمت کی ہے۔ انہوں نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزادکشمیرکے اقدمات اور انسانیت کے لئے خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ریاض بخاری کو ریڈ کریسنٹ کیساتھ تعاون کو مزید مربوط کرنے کے لئے ہدایات جاری کیں۔ ایڈ منسٹریٹر کرنل سردار طاہر یونس نے میٹنگ کے اختتام پر انسپکٹر جنرل پولیس صلاح الدین محسود کو پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی طرف سے شیلڈ اورPPEs پیش کیں