یونیسیف اور حکومت کے درمیان معاہدہ، پالیسی بنائی جائے گی، یونیسف بچوں کو مختلف امور میں تربیت اور معاونت فراہم کرے گا (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: حکومت نے 10 سے 19 سالہ بچوں کے لیے ’’کامیاب جوان جونیئر‘‘ پروگرام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے عالمی ادارے یونیسف اور حکومت کے درمیان باہمی اشتراک کا معاہدہ طے پا گیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار اور یونیسف کی عہدے دار ایڈا گِرما (Aida Girma) نے معاہدے پر دستخط کیے۔ حکومت اور یونیسف کا پاکستان میں ایڈولیسنٹ ایکویلٹی ایڈیکس مرتب کرنے پر اتفاق ہوا۔

اس معاہدے کے تحت بچوں کی فلاح و بہبود اور انہیں درپیش مشکلات کے مستقل حل کے لیے پالیسی تشکیل دی جائے گی، ایکویلیٹی انڈیکس کے ذریعے کم عمری میں بچوں کی رہنمائی ممکن ہوسکے گی۔ انڈیکس کی تیاری کے لیے یونیسف متعلقہ لوگوں کو ٹرینینگ اور تکنیکی معاونت بھی فراہم کرے گا۔

عثمان ڈار نے بتایا کہ انڈیکس کا مقصد 10 سے 19 سال کی عمر کے بچوں کو درپیش مسائل اور مشکلات جانچنا ہے، انڈیکس کی بدولت بچوں کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھ کر پالیسی سازی میں مدد حاصل ہوگی، پروگرام کے ذریعے 10 سے 19 سال کے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کریں گے۔

یونیسیف کی عہدے دار ایڈا گرما نے کہا کہ یونیسف پاکستان میں بچوں سے متعلقہ موجودہ سوشل سیکٹر پالیسیز کا از سر نو جائزہ لینے کے لیے  بھی تعاون فراہم کرے گا۔