مظفرآباد( ) چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیر صدارت آزادکشمیر میں جاری ہائیڈل پراجیکٹس کے مسائل اور ان کی پراگرس کا جائزہ لینے کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس منگل کے روزمنعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی، سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ، سیکرٹری برقیات سردار ظفرمحمود،سیکرٹری پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن سید نوید گیلانی ، ڈائریکٹر جنرل ماحولیات سردار عدنان خورشید ودیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں جاگراں فیزII، جھینگ اور چھمب ہائیڈل پراجیکٹس پر جاریہ کام کے حوالہ سے چیف سیکرٹری کوبریفنگ دی گئی اور ان پراجیکٹس کے حوالہ سے مسائل کابھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام ہائیڈل پراجیکٹس کو مقررہ معیاد کے اندر مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نیلم جہلم و پرائیویٹ پاور پراجیکٹس کے ٹیکس کے معاملات اور ماحولیاتی مسائل کوحل کرنے کےلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔چیف سیکرٹری نے ڈائریکٹر جنرل EPAکو ہدایت کی کہ پراجیکٹس کے ماحولیاتی مسائل کو این او سی کے مطابق جلد یکسو کیا جائے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کہاکہ ہائیڈل پراجیکٹس کی تکمیل مقررہ مدت کے اند رمکمل کی جائے گی تاکہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو اوران کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں ۔انہوں نے کہا کہ ان ہائیڈل پراجیکٹس کی تکمیل سے جہاں بجلی کی ضروریات پوری ہونگی وہیں ریاست کی معیشت بھی مستحکم ہوگی ۔ یہ انتہائی اہمیت کے حامل منصوبہ جات ہیں انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔