باغ () وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر سیاحت، اطلاعات و امور نوجوانان مشتاق احمد منہاس کی خصوصی ہدایت پرگنگا چوٹی کے مقام پر منعقدہ وینٹر فیسٹیول کا انعقاد، باغ کے خوبصورت اور حسین ترین مقام گنگا چوٹی پر وینٹر فیسٹیول کا دوسرا دن، بین الاقوامی شہرت یافتہ ایتھلیٹس بھی گنگا چوٹی پہنچ گئے، مقامی سیاحوں کو سکیٹنگ سیکھائی اور خود سکیٹنگ کا بہترین مظاہرہ کیا، فیسٹیول کے دوسرے دن آزاد کشمیر و پاکستان کے علاوہ دنیا کے مختلف ممالک سے سیاحوں نے بھر پور شرکت کی، بین الاقوامی ٹرینرز نے مقامی بچوں اور نوجوانوں کو ٹریننگ دی جس کے بعد مقامی سیاحوں نے بھی سکیٹنگ کے بہترین مظاہرے کیے، فیسٹیول کے دوسرے روز سیکرٹری سیاحت، اطلاعات مدحت شہزاد، ڈائریکٹر سیاحت خالد محمود ثاقب سمیت دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ آفیسران و اہلکاران نے بھی شرکت کی اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سیاحت و اطلاعات، انفارمیشن ٹیکنالوجی مدحت شہزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے لیے نئے مقامات کی کھوج اور خوبصورت ترین مقامات پر ایونٹس کا انعقاد کر کے کشمیر کی خوبصورتی دنیا کو دکھانا ہمارا مقصد ہے، گنگا چوٹی نا صرف باغ بلکہ آزاد کشمیر کے لیے قدرت کا ایک حسین تحفہ ہے جو قدرتی حسن سے مالا مال ہے، بین الاقوامی سیاحوں نے بھی گنگا چوٹی کی خوبصورتی کو دنیا کی بہترین خوبصورت جگہوں میں سے ایک قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ سیاحت کو اجاگر کرنے کے لیے ایسے ایونٹس کا انعقاد کر رہے ہیں جس سے عوام کو سیاحت کے مواقعے میسر آ رہے ہیں اور بے روز گاری کا بھی خاتمہ ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان اور وزیر سیاحت و اطلاعات مشتاق احمد منہاس کی خصوصی ہدایات پر گنگا چوٹی پر وینٹر فیسٹیول کا انعقاد ہوا ہے وینٹر فیسٹیول کے انعقاد کے بعد موسم گرما میں سیاح گنگا چوٹی کیطرف رخ کریں گے اور آپ دیکھیں گے کہ پوری دنیا سے لوگ اب گنگا چوٹی کو دیکھنے کے لیے آئیں گے، مقامی لوگ باہر سے آنے والے سیاحوں کا خیال رکھیں اور گنگا کے مقام پر صفائی ستھرائی کا بھی خیال رکھیں تا کہ باہر سے آنے والے سیاح اچھا پیغام لیکر جائیں، انہوں نے کہا کہ قدرت نے زمین کے جس حصہ پر پیدا کیا ہے یہ جنت نظیر وادی ہے اس میں سیاحت کا بہترین سکوپ موجود ہے اور حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے بہترین اقدامات اٹھا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ گنگا چوٹی آزاد کشمیر کے بہترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے جو مالم جبہ سے بھی زیادہ وسیع علاقے پر محیط ہے جہاں پر بہترین سیاحتی سرگرمیاں کی جا سکتی ہیں گنگا چوٹی باغ کے مقامی لوگ سیاحت کے فروغ کے لیے آگے بڑھیں محکمہ سیاحت اور حکومت بھر پور تعاون کرے گی انہوں نے کہا کہ سرمائی سیاحتی میلے کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور یہ بتانا ہے کہ سیاحت صرف گرما کے موسم میں ہی نہیں بلکہ سرمائی موسم میں بھی کی جا سکتی ہے اور اللہ نے جس عظیم اور خوبصورت ریاست سے ہمیں نوازا ہے اس میں سیاحت کے کس قدر مواقعے موجود ہیں انہوں نے کہا کہ سیاحت سے ہم اپنی جہاں معیشت بڑھا سکتے ہیں وہاں پر سیاحتی مقامات کے نزدیک کے علاقوں کے کئی ہزار بے روز گار نوجوانوں کو روزگار مل سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ باغ کے عوام انتہائی مہمان نواز ہیں انہوں نے کہا کہ بہت جلد گنگا چوٹی پہ پبلک واش رومز ڈیسٹ بینز، چھتریوں اور ٹیبلزو دیگر اہم چیزوں کی تنصیب کر دی جائے گی جس سے سیاح مستفید ہو سکیں گے