مظفرآباد(VOK NEWS NET WORK)چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے آزادکشمیر کے آمد ہ عام انتخابات میں صرف مستقل پتہ پر ہی ووٹ کااندراج کیا جائے ، جن لوگوں کو ووٹ عارضی پتہ پر درج ہے وہ اپنے مستقل پتہ پر ووٹ کا اندراج کروائیں۔صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کےلئے ووٹر فہرستوں کی شفاف انداز میں تیاری کو یقینی بنایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات کےلئے ووٹر فہرستوں کی تیاری کے حوالہ سے رجسٹریشن آفیسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ممبر آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن راجہ محمدفاروق نیاز ، سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان ،ڈائریکٹر نادرا مشبر غزالی ودیگر بھی موجود تھے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستہا جو کہ مطابق قانون مستقل عارضی پتہ کی بنیاد پر تیار کی گئی تھیں کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے آئندہ عام انتخابات 2021میں استعمال کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے انتخابی فہرستوں کی تیاری کاشیڈول جاری تھا جس کو مقررہ معیاد کے اندر مکمل کر لیا گیا ہے جس پر تمام متعلقین کو شاباش دیتا ہوں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی نے آزادجموں وکشمیر الیکشنز ترمیمی ایکٹ2021کے تحت اس ایکٹ کی ذیلی دفعہ1کو ختم کر دیا ہے ۔ اس ترمیم کے بعد اب کوئی بھی فرد اپنے شناختی کارڈمیں درج عارضی پتہ پر ووٹ درج نہیں کروا سکتا بلکہ اس کا نام صرف مستقل پتہ کے انتخابی علاقے کی فہرست میں ہی درج ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ عارضی پتہ والے افراد کو اپنے مستقل پتہ والے انتخابی علاقے کی انتخابی فہرست میں اپنا ووٹ درج کروانا ہوگا۔