اسلام آباد ( ) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ٹین بلین ٹری پروگرام میں آزادجموںو کشمیر کی کارکردگی تمام صوبوں سے بہتر ہے۔کمیونٹی قومی شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لے۔جنگلات کو محفوظ بنا کر ہی قوم کے روشن مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کے سلسلے میں وزیراعظم بلاک میں چنار کا پودا لگا کر قومی شجرکاری مہم کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر وزیر قانون سردار فاروق طاہر ،چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش ،سیکرٹری جنگلات سید ظہور الحسن گیلانی اور ڈی جی لبریشن سیل فدا حسین کیانی بھی موجود تھے۔وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ گذشتہ سال ہم نے 75 لاکھ پودے لگائے تھے اس سال مزید 45 لاکھ پودے لگانے کا عزم ہے اوع انشاءللہ ہم یہ ہدف پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تیس ہزار ایکڑ پر مشتمل نرسری بنائی ہے جس میں6 کروڑ پودے رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہا ہماری پوری کوشش ہے کہ جنگلات کو محفوظ بنایا جا سکے جہاں جہاں جنگلات معدوم ہوتے جا رہے ہیں وہاں وہاں دوبارہ درخت لگا کر جنگلات کو آباد کیا جا رہا ہے۔ جنگلات کے رقبے کو محفوظ بنانے کیلئے نتوڑ وغیرہ کا قانون ختم کر رہے ہیں اس کے علاوہ بھی کچھ معاملات ہیں جن کےلئے وفاق سے بات چیت چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری کے اس قومی پروگرام میں آزادکشمیر کی کارکردگی تمام صوبوں سے بہتر جا رہی ہے۔وزیراعظم نے اس موقع پر وزیر جنگلات اور سیکرٹری جنگلات کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا ریاست کو سرسبز و شاداب بنانا میرا خواب ہے کیونکہ اسطرح ہم قدرتی آفات سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادجموں و کشمیر کو سیاحت کیلیے پرکشش علاقہ بنایا جائے گا اس لئے پوری کوشش ہے کہ نہ صرف مطلوبہ اہداف کو پورا کیا جائے بلکہ اہداف سے بڑھ کر کام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس کے لئے محکمہ جنگلات کو پہلے سے بڑھ کر کام کرنا ہو گا۔اس موقع پر وزیراعظم نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ قومی۔شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلیے کمیونٹی کو فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بکروال بھائیوں سے بھی گزارش ہے کہ وہ چھوٹے پودوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں