میرپور وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ کسی بھی ریاست میں حقیقی ترقی اور خوشحالی صرف تعلیمی انقلاب سے ہی آتی ہے۔ اپنے مقامی وسائل اور دیگراداروں کی امداد سے ریاست بھرکے تعلیمی اداروں میں سٹاف کی کمی اور عمارات کی تعمیرکے لیے اربوں روپے کے مرحلہ وارمنصوبے پرکام کررہے ہیں جس کاپہلاپیکج منظورکرلیاگیاہے۔ہماری حکومت نے آزادکشمیرکی 73 سالہ تاریخ میں نظام تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے اہل اساتذہ کی بھرتیاں این ٹی ایس کے ذریعے کیں۔ اساتذہ کی بھرتیوں میں مزید شفافیت لانے کے لئے انٹرویو کے پہلے 10 نمبر تھے اب وہ بھی پانچ کر دیئے ہیں،جب تک نظام تعلیم میں بہتری نہیں لائی جاسکتی اس وقت تک ترقی کا خواب ادھورا رہ رہے گا۔اساتذہ نئی نسل کی جدیدخطوط پرتعلیم وتربیت کریں اور آزادکشمیرمیں کوالٹی آف ایجوکیشن میں بہتری لانے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کوبروئے کارلائیں۔آزادکشمیرمیں گریڈ 1 سے 15 تک بھرتیاں تھرڈ پارٹی کے ذریعے کی جائیں گی تاکہ اہل لوگ آگے آسکیں۔ ہم چاہتے تو 10 ہزار کے قریب نوکریاں اپنے ورکرز میں بانٹ سکتے تھے مگرہم نے فیصلہ کیا کہ حقدار کو اسکا حق دیں گے اور ہم نے یہ کر کے دکھایا، اپنا سب کچھ لٹا کر بچوں کو اس امید پر پڑھانے والے غریب والدین کی امیدوں کو کیسے توڑتے، اگر دنیا میں کوئی بھی نا پوچھتا تو قبر میں تو ضرور جواب دینا پڑتا، میرٹ پر لگنے والوں کی دعاؤں کا اثر ضرور ہوگا، اس نظام کو کوئی ریورس نہیں کرسکتا۔ سب بھرتیاں میرٹ پرہوں گی اور جو بھرتی نہیں ہو سکے وہ کوئی اور کام دیکھیں گے۔