اسلام آباد( وائس آف کشمیر نیوز)کنونیئر کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل چیئرمین پبلک اکانٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ میرپور ریاست کا چہرہ ہے اس کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کیے جائیں،پبلک اکانٹس کمیٹی کا اجلاس میرپور میں اسی لیے بلوایا تھا تاکہ ذمہ داران کو یہاں کے مسائل کے حل کے لیے کہا جائے،میرپور کے لوگوں نے دو مرتبہ اپنے آبااجداد کی قبریں ڈبوئی ہیں ان کو مفت اور بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے،میرپور میں ہونے والے زلزلے کے متاثرین کے معاوضہ جات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے جماعت اسلامی کشمیرکی آزادی اور ریاست کی خوشحالی کے ایجنڈے کو لے کر چل رہی ہے چہرے نہیں نظام بدلنے سے تبدیلی آئے گی،آزاد خطے کے لوگوں کی دوہری ذمہ داری ہے کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنا اور آزادخطے کے مسائل حل کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا،ان خیالات کااظہار انہوں نے سابق امیر جماعت اسلامی ضلع میرپور و امیدواراسمبلی حلقہ کھڑی راجہ الطاف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر راجہ الطاف نے میرپور کے مسائل سے آگاہ کیا،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ جماعت اسلامی بحیثیت جماعت عوام کی بھرپور خدمت کررہی ہے اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے جماعت اسلامی کی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں انہوں نے کہاکہ قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ سے ہی ہمارے مسائل حل ہوں گے اسمبلی کے اندر اور باہر ہر سطح پر عوام کی ترجمانی اورمسئلہ کشمیر کی پشتیبانی کی کوشش کی میرٹ کے نتیجے میں ہزاروں غریب لوگوں کے لیے بھی سرکاری ملازمتوں کے دروازے کھلے ہیں آزادکشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میرٹ پر ہزاروں لوگ بھرتی ہوئے جس پر ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اسمبلی کی سطح پر تحریک آزادی کشمیر کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ملکی اور بین الاقوامی سطح پر جہاں بھی موقع ملا کشمیریوں کی ترجمانی کی کوشش کی۔