اسلام آباد((وائس آف کشمیر نیوز)جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت اساتذہ کرام کے تسلیم شدہ مطالبات کا فوری نوٹیفکیشن جاری کرے،اساتذہ کرام کی میرٹ پر اپ گریڈیشن،الانسز اوربقایا جات فوری ادا کرے،اساتذہ کرام معاشرے کا قابل احترام اور معتبر طبقہ ان کا یوں احتجاج حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے،اساتذہ کرام بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے نسل نو کو جدید تعلیم اور تربیت کا اہتمام کریں تربیت کے بغیر ڈگری محض کاغذ کا ایک ٹکڑا ہے،معاشرے کو اسلامی خطوط پر استوار کرنے کے لیے اساتذہ کرام کا کردار کلیدی ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ جن ممالک نے تعلیم پر توجہ دی انہوں نے ترقی کی منازل طے کیں،وہ ممالک جو تعلیم پر توجہ نہ دے سکے پسماندگی ان کا مقدر ٹھہری اسلام تعلیم کی اہمیت اور حصول کا درس دیتا ہے تعلیم کے بغیر معاشرے بہتری کی جانب گامزن نہیں ہوسکتے حکومت اور محکمہ تعلیم اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے نسل نو کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے والے اساتذہ کو بے توقیر نہ ہونے دیں اساتذہ کے جائز مطالبات ان کے احتجاج سے قبل پورے ہونے چاہیں یہ المیہ ہے کہ اساتذہ احتجاج پر ہیں اور ان کے تسلیم شدہ مطالبات کا نوٹیفکیشن تا حال جاری نہ ہوسکا۔