واہ کینٹ ( وائس آف کشمیر) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حید ر خان نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ والہانہ محبت اور عقیدت کا مظاہر ہ کیا۔1944میں بانی پاکستان حضرت قائد اعظم کے ساتھ کشمیریوںنے جو عہد کیا تھا اس کے لیے خون کے دریا عبور کیے ہیں لیکن وہ عہد آج تک قائم ہے۔مقبوضہ جموں کشمیر میں33لاکھ 8ہزار لوگوں کو ہندوستان نے مالکانہ حقو ق دے کر وہاں باشند ہ ریاست بنانے کی مزموم کو شش کی ہے جس کے خلاف موثر مہم کی ضرورت ہے ۔ پاکستان ہمارا قبلہ و کعبہ اور یہ ہمارے اپنے وطن کی طرح ہے۔8اکتوبر 2005کا زلزلہ ہو یا کوئی اور سانحہ پاکستانی قوم نے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی ، محبت اور عقیدت کے بے مثال جذبے میں کمی نہیں آنے دی۔1947سے لے کر 1989تک جب بھی لٹے پٹے کشمیر ی مہاجرین پاکستان آئے ،پاکستانی قوم نے اپنے تمام وسائل ان کے لیے حاضر کیے۔ ٹیکسلا ، واہ کینٹ کے لوگوں نے مہاجرین کو ہمیشہ پنا ہ دی جب تحریک آزادی کشمیر شروع ہوئی تو یہاں سب سے پہلے کیمپ بنا ۔ کورونا وبارب العزت کی جانب سے ایک آزمائش ہے ، ایک نئی لہر آئی جس سے بچائو کو کے لیے لوگوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ حفاظتی ویکسین صرف ہیلتھ ورکرز کوانکی حفاظت کیلئے دی جارہی ہے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر واہ کینٹ میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر حکومت احمد رضا قادری، سابق امیدوار اسمبلی مسلم لیگ ن قومی اسمبلی سید اکبر اوروزیر اعظم آزادکشمیر کے حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیر اعظم نے وہاں ایک کاروباری مرکز کا بھی افتتاح کیا۔ اس مو قع پر معرو ف روحانی شخصیت سائیں صدیق خاکی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں کشمیریوں کی قربانیاں سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہیں،1947میں صرف جموں میں 2لاکھ 37ہزار لوگ شہید کیے گئے، ساڑھے 3لاکھ لوگوں نے جانیں بچا کر ہجرت کی،11ہزار عورتوں کی آبروریزی ہوئی، 6ہزار گمنام قبریں ہیں۔انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر کشمیری عوام کی عزت و آبر وجان و مال محفوظ نہیں ، ان کے مکانات ڈائنامائیٹ لگا کر اڑا ئے جا رہے ہیں۔کشمیریوں کے کاروبار تباہ کیے جا رہے ہیں، ان کے بچوں کو اٹھا کر ہندوستان کی مختلف جیلوں میںبھیجا جا رہا ہے، ان پر زندگی اجیرن کر دی گئی ہے تاکہ وہ ہندوستانی غلامی کو قبول کریں مگر ہندوستان کشمیریوں کے جذبے اور پائیہ استقلال میں کمی لانے میں ہمیشہ ناکام رہاہے ، 5اگست کے بعدکشمیریوں نے جس عزم او ر استقا مت کا مظاہر ہ کیا ہے اس کی مثال دنیا میں ملنی مشکل ہے۔انہوں نے کہاکہ لاکھوں کی تعداد میںمقبوضہ کشمیر سے جو لوگ ہجرت کر کے آئے ہیں وہ کشمیر کے ساتھ جڑے رہے ہیں،حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام نے ان کے لیے ہمیشہ اپنے دروازے کھلے رکھے ہیں۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام سے توقع ہے کہ وہ جس عزم ، ولولے کے ساتھ 73سال سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اس میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔