مظفرآباد( وائس آف کشمیر نیوز) ریڈیو وائس آف کشمیر پر ریاستی دار الحکومت مظفرآباد میں پانی کے بحران کے حوالے سے اپنے پروگرام نیشنل ٹاک میں نشاندہی پر وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے مظفرآباد شہر میں پینے کے پانی کی کمی کا سخت نوٹس لے لیا ، متعلقین سے رپورٹ طلب کر لی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے شہر میں پانی کی بند ش پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پبلک ہیلتھ نے پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے پیشگی اقدامات کیوں نہیں اٹھائے۔ مستقبل میں ایسا کوئی واقعہ ہوا توناقابل برداشت ہے ، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی پانی کی فراہمی کو فی الفور یقینی بنایا جائے ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ماکڑی جھیل کا کام تیز کیا جائے تاکہ شہر کو بلاتعطل پانی کی فراہمی ممکن ہو۔ یاد رہے کہ ریڈیو وائس آف کشمیر ریاستی دارالحکومت مظفرآباد میں مسلسل پانی کی قلت کا مسئلہ اپنے پروگراموں سے اٹھاتا رہاہے