مظفرآباد(وائس آف کشمیر نیوز)آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے وطن عزیز کی حفاظت پر مامور فضاؤں کے رکھوالوں، زمینی سرحدوں کے نگہبانوں اور سمندروں کے پاسبانوں کی جرات، ہمت اور بہادری پر سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن پر جب بھی کوئی مشکل وقت آیا تو ہماری بہادر افواج نے شجاعت، شاندار جنگی مہارت اور وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جان کو ہتھیلی پر رکھ کر دشمن کے دانت کھٹے کرنے کی شاندار روایت کو برقرار رکھا۔ بھارتی فضائیہ کی طرف سے پاکستانی کی فضائی سرحدوں کی خلاف ورزی کرتی ہوئے غیر قانونی جارحیت اور اس کے جواب میں پاک فضائیہ کے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دو سال مکمل ہونے پر ہفتہ کے روز صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوا م امن اور جیو اور جینے دو کے اصول پر یقین رکھتے ہیں لیکن دشمن نے ہمارے امن کی خواہش کو کمزوری جان کر جب بھی وطن عزیز کی سلامتی کے خلاف کوئی سازش کی تو ہماری افواج نے اس کا دندان شکن جواب دیا جس پر پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا بھارت نے 27 فروری 2019 کے دن جس بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں چھپ کر پاکستان کی فضائی سرحدوں کی خلاف ورزی کی اور بالا کوٹ پر حملہ کر کے چند درختوں کو نقصان پہنچایا جس کے جواب میں پاک فضائیہ کے شاہین صفت جوانوں نے دن کی روشنی میں اعلان کر کے لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب بھارتی فوج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور بھارتی فضائیہ کے دو جنگی طیاروں کو مار گرایا۔ پاک فضائیہ کی اس شاندار کارکردگی، جنگی مہارت اور دشمن کے مقابلے میں اعلیٰ پیشہ وارانہ صلاحیت کو نہ صرف تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا بلکہ ہمارا دشمن بھی اسے کبھی بھلا نہیں پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں بر سر اقتدار انتہا پسند ٹولہ آج بھی جنگی جنون میں مبتلا ہے جو ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ اور نہتے شہریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور دوسری طرف پاکستان اور آزاد کشمیر کی آزادی اور سلامتی سے کھیلنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔