باغ ( وائس آف کشمیر نیوز) وزیر جنگلات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ لیگی حکومت نے محکمہ تعلیم کو سیاست سے پاک کر کے ریاست کی مضبوطی کی بنیاد رکھ دی ہے ، این ٹی ایس اور غیر جانبدار پبلک سروس کمیشن کے قیام سے بھرتی ہونے والے اساتذہ بغیر کسی سفارش کے میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر آگے آ کر ریاست کے لیے نیک نامی کا باعث بنیں گے ، ضلع باغ کے اندر اپ گریڈ ہونے والے اداروں میں دو ماہ کے اندر سٹاف کو پوا کر دیں گے ، کوئی ہوائی اعلان نہیں کیا اور نہ ہی کوئی فرضی نوٹیفکیشن جاری کیا عوام کو جو دیں گے وہ زمین پر نظر آئے گا ، کھرل ملدیالاں گرلز ہائی سکول کی زمین کا مسلہ فوری حل کریں گے ، کھرل ملدیالاں کے عوام کا دیرینہ مسئلہ سکول کی اپ گریڈیشن تھی جسے پورا کر دیا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ شرقی باغ میں کھرل ملدیالاں گرلز ہائی سکول کی اپ گریڈیشن کے بعد افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب کی صدارت سیاسی و سماجی رہنما سردار محمد فاروق خان نے کی جبکہ تقریب سے چیئرمین بی ڈی اے سردار جاوید ایڈووکیٹ،،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں سیدہ عفیفہ بتول ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ سردار عبدالعزیز خان ،ڈی ایف او سیدطاہر علی شاہ ،سردار نوروز خان سمیت دیگر سیاسی و سماجی کارکنان نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر ، مختلف محکمہ جات کے آفیسران بھی موجود تھے ، قبل ازیں وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان نے گرلز ہائی سکول کا افتتاح کرنے کے بعد دعا کی ۔ وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان نے کہا کہ ایک پڑھی لکھی ماں پڑھی لکھی قوم کی ضامن ہے بچیوں کے لیے کھرل ملدیالاں میں تعلیم کی سہولیات دیکر آج عوامی عدالت میں سرخرو ہوں اس دور دراز علاقے سے باغ کا کر غریب عوام کی بچیوں کا تعلیم حاصل کرنا مشکل ہو رہا تھا کھرل ملدیالاں کی عوام کے لیے انکے گھر میں تعلیم کا بندوبست کر دیا ہے تا کہ ہماری کوئی بچی ادارہ نہ ہونے کیوجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہ سکے ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں اس وقت واحد جماعت ہے جو غیر متزلزل یقین کیساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور آمدہ الیکشن میں بھی میدان میں اترے گی جبکہ ہمارے مخالفین کو اس وقت تک نہ تو علم ہے کہ کس کو ٹکٹ ملے گا اور کس کو نہیں اور بعض تو ایسے بھی ہیں جنہیں ابھی تک یہ فیصلہ کرنا مشکل ہے کہ وہ لڑیں تو کس حلقے سے ، مسلم لیگ ن کا آمدہ الیکشن میں کوئی مد مقابل نہیں ہو گا ،