مظفرآباد(وائس آف کشمیر ینوز ) آزاد حکومت ریاست جموںوکشمیر نے یکساں نصاب 2020کو آزاد کشمیر میں نافذ کیے جانے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد تعلیمی سیشن 2022کے لیے نئے نصاب پر تیار شدہ درسی کتب ہی نافذ العمل ہونگی ۔اس ضمن آزاد جموں وکشمیر ٹیکسٹ بک بورڈ درسی کتب کی تیاری میں مصروف عمل ہے ۔ آزاد جموں وکشمیر ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں جملہ ہول سیلرز ، بک ڈپو مالکان ، سکولز مالکان کو مطلع کیا گیاہے کہ وہ امسال اپنی ضرورت کے مطابق ہی آزاد جموںو کشمیر ٹیکسٹ بک بورڈ کی NOCشدہ درسی کتب والا میڑیل کی خریدو فروخت عمل میں لائیں تاکہ سیشن کے اختتام پر ان کے پاس کسی بھی کتاب کا فلور سٹاک نہ بچ سکے ۔ کسی بھی ناشرکی بدوں NOCوالی درسی کتب یا الائیڈ میٹریل کی نہ تو خریدو فروخت کریں اور نہ ہی ایسے مواد کو سکولوں میں بطور تدریس استعمال کریں ۔ مجاز اتھارٹی نے سختی سے ہدایت فرمائی ہے کہ بدوں NOCشدہ کتب استعمال کرنے والے اداروں اور ناشرین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔